پی ٹی آئی ،دیہاڑی داروں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی‘عظمیٰ بخاری

لاہور :(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پی ٹی آئی ،دیہاڑی داروں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،عمران دور میں پنکی اور گوگی کے نام پر رشوت کا بازار گرم،وسیم اکرم پلس کو اپنا تعارف کرانے کیلئے شہبازکے نام کا سہارا لینا پڑتا تھا،مہاتما کے دور میں ہر عہدے کا ریٹ فکس رہا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہامریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کو ایک سال مکمل ہو چکا ،ایک بھی منصوبہ ادھورا نہیں، حکومت نے ہر منصوبے پر عملی اقدامات کیے ،ہر منصوبے کا اعلان کرنے کےلئے دروازے پر دستک دینے کی ضرورت نہیں پڑتی،مخصوص سیاسی جماعت کو پنجاب حکومت کی کارکردگی سے شدید مسئلہ ہے،پی ٹی آئی کا دور حکومت سکینڈلز سے بھرا رہا،تبدیلی کا نعرہ، 50 ہزار گھروں اور لاکھوں نوکریوں کے اشتہارات تو چھاپے گئے مگر عملاً کچھ نہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہاسپیڈو بس پر سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی جا رہی ہے حالانکہ منصوبہ شہباز شریف کے دور کا ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو شرم آنی چاہیے منصوبے کو اپنے نام سے منسوب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہت زیادہ کرکٹ کھیل لی اب ایک سال کےلئے چھٹی دیدی جائے، پاکستانی ٹیم میں کوئی با صلاحیت کھلاڑی نہیں ،شکر ہے پاکستان کا بنگلہ دیش کی ٹیم کے ساتھ میچ نہیں ہوا،پاکستانی ٹیم دماغی طورپر شکست کاشکار ہو چکی ،سپر سٹار زصرف اشتہارات کےلئے ہیں ،چیئر مین پی سی بی کو سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔