بجلی 6 سے 8 روپے یونٹ سستی کرنے پر کام، سحر و افطار میں بلاتعطل فراہمی کا اعلان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت آئندہ 2 ماہ میں بجلی کی قیمت میں 6 سے 8 روپے فی یونٹ تک کمی پر کام کررہی ہے،پاور ڈویژن حکام کے مطابق وفاقی حکومت آئندہ 2 ماہ میں فی یونٹ بجلی 6 سے8 روپے سستی کرنے پر کام کررہی ہے، بینکوں سے 1300 ارب کے قرض حصول بھی کیلئے بات چیت جاری ہے، قرض فکس ریٹ اور ٹائم کےلئے لیا جائےگا، قرض سے گردشی قرض کا خاتمہ کیا جائےگا،حکام کے مطابق حکومت کو آئی پی پیز سے بات چیت میں 700ارب کی بچت ہوئی، آئی پی پیز سے 300 ارب کا سود ختم کرایا، اب تک 6 آئی پی پیز کے معاہدے ختم کیے جاچکے ہیں جبکہ 25 آئی پی پیز کےساتھ ٹیک اینڈ پے پر بات ہوچکی ہے، سرکاری پاور پلانٹس کےساتھ ٹاسک فورس کی بات چیت جاری ہے، کوشش سے 2 ماہ تک فی یونٹ بجلی 6 سے 8 روپے تک سستی کرناچاہتے ہیں،حکام کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرض 2300 ارب روپے کے لگ بھگ ہے جسے جلد سے جلد صفر کرنا ہے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطار میں عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کریں گے،محسن عزیز کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے پاور ایم علی نے بتایا ہم نے کسی آئی پی پی کو زبردستی منوایا نہ دباو¿ ڈالا، یہ تاثر درست نہیں ہم نے دباو¿ ڈالا،آئی پی پیز سے اضافی فیول کی مد میں 35 ارب وصول کر لیے، سینیٹر شبلی فراز نے پوچھا آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کیوں نہیں کیا، اربوں کھربوں روپے آئی پی پیز کو دے دئیے گئے،معاون خصوصی برائے پاور نے کہا پاکستان میں 50 سے 60 پلانٹس کے فرانزک آڈٹ کی مہارت نہیں، فرانزک آڈٹ میں بے تحاشا پیسا لگتا ہے، ہمیں 2020 میں فرانزک آڈٹ کیلئے ایک پیسہ بھی نہیں ملا تھا، باتیں کرنا آسان ہے، ہم نے 2020 کیلئے 2 کروڑ 20 لاکھ مانگے تھے لیکن نہیں ملے،اب بھی ہم سے جو آئی پی پی بات چیت نہیں کریں گی اس کا فر انزک آڈٹ کریں گے، ایک پلانٹ کا فر انزک آڈٹ ہو بھی رہا ہے کیونکہ یہ پلانٹ بات چیت پر متفق نہیں تھا،شبلی فراز نے کہا یہ درست نہیں آئی پی پیزنے اوور انوائسنگ نہیں کی، ایم علی نے بتایا اوور انوائسنگ کو بغیر ثبوت کے ثابت کرنا مشکل ہے، آئی پی پیز نے فیول اور ایفیشنسی کے دھوکے سے حاصل کی گئی رقم نکلوا لی، ہم نے آئی پی پیز کی 20، 20 سال کی بیلنس شیٹس دیکھیں، فرانزک آڈٹ سے یہ آئی پی پیز لندن کی ثالثی عدالت میں جا سکتے ہیں،سینیٹر نے کہا پاکستان میں ریجن میں مہنگی ترین بجلی ہے، معاون خصوصی برائے پاور نے کہا ہم ہر چیز بات چیت کے ذریعے کر رہے ہیں، آج کسی کی جیب ایک کروڑ روپے نکال کر دکھائیں، ہم نے 100 ارب روپے کی لیٹ پیمنٹ سرچارج معاف کرا لیے، ہم مجموعی طور پر 300 ارب لیٹ پیمنٹ سرچارج کی مد میں معاف کرا رہے ہیں،چیئرمین سینٹ کمیٹی محسن عزیز نے کہا آپ ایک اچھا کام کر رہے ہیں، صرف چاہتے ہیں یہ ریلیف عوام کو بھی منتقل ہو، آئی پی پیز نے ملک کےساتھ فراڈ اور غداری کی،اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہامعاون خصوصی برائے پاور کی سابق رپورٹ پر عمل نہیں کیا گیا، جو بات چیت آئی پی پیز سے ہو رہی ہے اس سے 1400 ارب روپے کا فائدہ ہوگا، آئی پی پیز کےساتھ بغیر کسی امتیاز کے بات چیت کی گئی، آئی پی پیز پر ٹاسک فورس کا کام زبردست ہے،چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا صرف یہ بتا دیں صارف کو فائدہ کب ہوگا؟ ، معاون خصوصی نے کہا جیسے جیسے آئی پی پیز سے بات چیت مکمل ہوتی جائے گی فائدہ منتقل ہوتا جائے گا، اب ہم 45 سرکاری پاور پلانٹ سے بات چیت کر رہے ہیں، آئی پی پیز سے مذاکرات کا ریلیف جلد عوام کو منتقل کریں گے،اویس لغاری نے کہا جون 2024 سے اب تک 4 روپے سے 11 روپے فی یونٹ تک بجلی سستی کر چکے، بجلی قیمت میں مستقبل میں خاطر خواہ کمی متوقع ہے، وزیراعظم شہباز شریف بھی اس سلسلے میں اقدامات تجویز کر رہے ہیں،شبلی فراز نے کہا جن لوگون نے آئی پی پیز کے مہنگے معاہدے کیے ان سے پوچھا جائے، ٹاسک فورس کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے،وفاقی وزیر برائے توانائی کا رمضان المبارک میں سحری و افطار کے اوقات میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا رمضان میں چوری والے فیڈرز پر بھی سحر و افطار میں بجلی مہیا کرینگے،سولر پر کوئی ٹیکس نہیں لگا رہے، سولر کی حوصلہ شکنی نہیں کریں گے، مستقبل میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی آ سکتی ہے۔