تجاوزات کیخلاف مہم تیز، بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے پانچ روزہ سالانہ جشن بہاراں کو شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیسٹیول نے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، انتظامیہ اور ساہیوال کی کمیونٹی کو ثقافت، کھیل اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار میں یکجان کیا ہے۔انہوں نے ایونٹس کے تمام مہمانان، شرکاءاور آرگنائزنگ کمیٹیوں کا دلی شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان رنگارنگ تقاریب کو اپنی محنت اور لگن سے ممکن بنایا ہے۔ فیسٹیول میں سالانہ سپورٹس میلہ، انٹرپرینیورشپ گالا، کتاب میلہ، آرٹ اور خطاطی کی نمائش، نیزہ بازی، ثقافتی شوز اور پھولوں کی نمائش جیسی متنوع سرگرمیاں شامل تھیں جنہوں نے یونیورسٹی کے طلباءکی صلاحیتوں کو نمایاں کیا اور ساہیوال ڈویژن کے شہریوں کو صحتمند تفریح کا موقع بھی فراہم کیا ہے۔انہوں نے پاکستان اور بیرون ملک سے آئے ہوئے معزز مہمانوں، سپانسرنگ کمپنیوں، فیملیز، والدین اور میڈیا نمائندوں کے انمول تعاون کو سراہا۔ ان ایونٹس میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی پیر سیدعمران شاہ ولی، ملک قاسم ندیم، ارشد ملک اور موتیا مسعود خان، ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ عظمت سلیم، نیو یارک سے پروفیسر ڈاکٹرجے پی سنگھ، ڈائریکٹر انفارمیشن عقیل اشفاق، ڈائریکٹر آرٹس کونسل ریاض ہمدانی، معروف سوشل میڈیا سٹار انجم سرویا، ملک کے معروف لکھاریوں اور شاعروں نے خصوصی شرکت کی۔وائس چانسلر نے مختلف مقابلوں کے فاتحین کو مبارکباد پیش کی اور آرگنائزنگ کمیٹی کی لگن اور محنت کو سراہا ہے۔ سالانہ جشن بہاراں میلہ کے انعقاد میں وائس چانسلر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی ممبران رجسٹرار سید غلام علی اصغر،کنٹرولر امتحانات مبشر سعید، چیئرپرسن کیمسٹری ڈاکٹر امین عابد،چیئر پرسن بزنس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر وارث علی،ڈاکٹر حافظ طارق مسعود ڈائریکٹر سپورٹس،ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر اکرام احمد، ڈی ایس اے ڈاکٹر وسیم طفیل، عامر شہزاداور ڈائریکٹر ریسرچ اور میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ایوب نے فیسٹیول کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انکی مشترکہ کوششوں نے انتظامی اور تعلیمی سربراہان، فوکل پرسنز اور طلبہ سوسائٹیز کیساتھ ملکر ایک مضبوط کیمپس کلچر کو فروغ دینے کی عکاسی کی بہترین کوشش کی ہے۔ سالانہ سپرنگ فیسٹیول 2025 نے نہ صرف فنکارانہ اظہار اور کھیلوں کی مہارت کو سراہا بلکہ یونیورسٹی کے اندر کمیونٹی کلچر کو بھی فروغ دیا ہے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر کا تفصیلی دورہ، انہوں نے ہائی سٹریٹ، جوگی چوک، پاکپتن چوک، دیپالپور بازار اور جھال روڈپر تجاوزات کے خلاف جاری مہم اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود اور میونسپل کارپوریشن کے افسران اور پسپ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر میں صفائی کی عمومی صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ 10بجے تک بھی کوڑا نہیں اٹھایا جارہا جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے محلہ فرید گنج اور امام بارگاہ کے اردگرد گندگی کے ڈھیر جمع ہونے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو تیز کرنے اور بلا امتیاز جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مڈھالی روڈ، پاکپتن چوک اور ہائی سٹریٹ پر بھی تجاوزات گرانے کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ریڑھی بانوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ ان کا کاروبار متاثر نہ ہو۔ انہو ں نے دوکانداروں کو ہدایت کی کہ اپنی حدود سے تجاوز نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن حکام کو شہر میں پارکوں کیلئے جگہ مختص کرنے کی بھی ہدایت کی۔