وانا (مشرق نیوز) جنوبی وزیرستان وانا میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مغوی کسٹم اہلکاروں اور ڈاکٹر کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے سامنے 11 نکاتی چارٹر پیش کیا۔ مظاہرے میں ایم پی اے عجب گل سمیت سیاسی جماعتوں کے قائدین، علما کرام، اور قبائلی مشران نے شرکت کی۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ امن ریاست کی ذمہ داری ہے اور کسی قسم کی لشکر کشی، مسلح تنظیم، یا امن کمیٹی کے ذریعے امن کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ چیمبر آف کامرس کے صدر سیف الرحمن، سپرنٹنڈنٹ نثار عباسی، انسپکٹر خوشحال، اور ڈاکٹر نعمان اعجاز کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔ اغواکاری، بم دھماکے، بھتہ خوری، اور ڈاکہ زنی جیسے واقعات پر فوری پابندی عائد کی جائے۔سول انتظامیہ کو مکمل اختیارات دیے جائیں اور عوام و سرکاری اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرستان میں معاشی قتل عام کو روکا جائے اور پاک افغان بارڈر انگوراڈہ گیٹ کو تجارتی مقاصد کیلئے کھولا جائے۔ بازاروں میں کالے شیشے والی گاڑیوں، اسلحے کی نمائش، اور منشیات کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔سیکیورٹی چیک پوسٹوں سے بلاجواز فائرنگ بند کی جائے۔علی وزیر سمیت تمام غیرقانونی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان مطالبات کو فوری طور پر پورا نہ کیا گیا تو حالات سنگین رخ اختیار کر سکتے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اغواکاری اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہیں۔ مظاہرے کے دوران حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ وزیرستان کے عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے اور ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کرے۔یہ مظاہرہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور عوام کے شدید غصے کا اظہار تھا، جو حکومت کے لیے ایک وارننگ کے مترادف ہے۔ اگر ان مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
وانا ،تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت میں بڑا احتجاجی مظاہرہ، 11مطالبات پیش



















