کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے ریاستوں اور سرحدی علاقوں بشمول امور کشمیر اور گلگت بلتستان امیر مقام نے کہاہے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچااور ایک ترقی کرتی معیشت ہے جس کا اعتراف آئی ایم ایف اور دیگر ادارے کررہے ہیں، افغان مہاجرین نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہیں،پاکستان 30لاکھ افغان مہاجرین کا گھر ہے جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، پاکستان نے 45 سال سے زائد عرصے تک کھلے بازوں اور گرمجوشی کے ساتھ مہاجرین کی میزبانی کی۔وفاقی وزیرانجینئرامیرمقام نے اتوارکو کراچی میں کمشنریٹ برائے افغان مہاجرین کا دورہ کیا۔ اس اجتماع میں بین الاقوامی غیر منافع بخش تنظیموں کے نمائندوں، افغان مہاجرین، میڈیا ورکرز اور وزارت کے حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ4 دہائیوں سے زائد عرصے سے پاکستان نے 30 لاکھ افراد کے اخراجات برداشت کیے، اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی ان کے آبائی ملک واپسی کی ذمہ داری بانٹے۔
افغان مہاجرین نہ صرف پاکستان عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہیں:امیر مقام



















