پا ک ترکیہ24معاہدے، تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان ،ترکیہ میں 24 معاہدوں و تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ، تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔

اعلیٰ سطح کے تزویراتی تعاون کونسل اجلاس کے بعد وزیراعظم ہاﺅس میں منعقدہ دستخطوں کی باضابطہ تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی،دونوں رہنماﺅں نے تزویراتی شراکت داری مزید گہرا کرنے ، متنوع بنانے اور ادارہ جاتی شکل دینے کےلئے پاکستان ترکیہ ایچ ایل ایس سی سی کے ساتویںاجلاس کے مشترکہ اعلامیے پردستخط کئے،دستخط شدہ 24معاہدوں ،پروٹوکولز ، اعلامیوں اور ایم او یوزکا تبادلہ کیاگیا۔

باری باری ہر وزارت کے پاکستانی و ترک وزیر کو سٹیج پر بلاکرمعاہدے اور ایم او یوز کی دستاویزات کے تبادلے کیے گئے،معاہدے دفاع، تجارت، توانائی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اطلاعات، فنانس، مذہبی امور کی وزارتوں کے درمیان طے پائے۔

پاکستان ،ترکیہ میں حج و عمرہ کی ادائیگی کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک شدت پسندی، دہشتگردی اور فرقہ واریت کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے،جدید عصری تعلیم کے فروغ کیلئے علما،مدارس طلبا کے تبادلوں کو بڑھایا جائے گا،اماموں، خطیبوں اور مبلغین کی مہارتوں کو بہتر بنانے کےلئے تربیتی کورسز ،سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سائنسی، مذہبی و ثقافتی طور پر اہل بنایا جاسکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا صدر طیب اردوان کو خوش آمدید کہتا ہوں، امید ہے آپ کا دورہ پاکستان بہت مفید ثابت ہوگا، دونوں قوموں کے درمیان برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،ترکیہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کےساتھ کھڑا رہا، صدر ترکیہ نے سیلاب کے دوران پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ،مشکل وقت میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور فراخدلی کےساتھ بھرپور مدد کی گئی،دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید فروغ مل رہا ہے ،تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاغزہ پر موقف بالکل واضح ہے، مسئلہ کشمیر پر ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی ،پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے موقف کی حمایت کرتا رہے گا،دہشتگرد مذموم مقاصد کےلئے افغان سرزمین کو استعمال کررہے ہیں جواب میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نبرد آزما ہیں،اپنے خطاب کے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک زبان میں طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا پاکستان میرا دوسرا گھر ہے ،آکر خوشی ہوئی، قائد اعظم ،علامہ اقبال ہمارے بھی ہیرو ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے دنیا میں انقلاب برپا کیا،پاکستان ،ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں و مفاہمتی یاد داشتوں پر اتفاق ہوا، صدر آصف زرداری سے ملاقات میں تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

طیب اردوان نے کہا پاکستان ،ترکیہ عظیم قومیں ہیں، دونوں کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا ،اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں ،تجارتی حجم 5ارب ڈالر تک بڑھائیں گے،پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف بڑی قربانیاں دیں،شہید ہونےوالوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کےساتھ ہیں،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے رہیں گے، قبرص کے معاملے پر پاکستانی حمایت بہت اہمیت رکھتی ہے، دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کے ہمراہ فلسطین کیلئے آواز اٹھائی، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے ملکر کوششیں جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں دونوں رہنماﺅں نے ملاقات میں پاک ترک دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہبازشریف نے ترک کمپنیوں کو دعوت دی پاکستان کے معاشی، تجارتی و سرمایہ کاری کے منظر نامے کی بے پناہ صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں اور زراعت، نئی و ابھرتی ٹیکنالوجیز، توانائی ، کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کےلئے کام کریں۔

دریں اثنا بزنس فورم سے خطاب میںشہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں ، کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کیلئے ہر قسم کی معاونت ، سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاکستان ،ترکیہ کی گہری دوستی ،باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے ،دوطرفہ تجارتی حجم 5ارب ڈالر تک لےجانے کےلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا صدر رجب طیب اردوان کی دانشمندانہ قیادت میں ترکیہ کی فعال معیشت جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اور یورپی معیارات پر پوری اترتی ہے ،اردوان امت مسلمہ کی آواز ہیں، ہمیشہ غزہ، فلسطین اور کشمیر کے معصوم ومظلوم مسلمانوں کےلئے آواز اٹھائی ،اردوان کی قیادت اور صلاحیتوں پر فخر ہے ۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، طے پانےوالے معاہدوں ،ایم او یوز سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا ، اقتصادی راہداری منصوبہ تجارت کیلئے اہم ہے، پاکستان ،ترکیہ ملکر خطے میں امن و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اردوان نے کہااپنے دوست وزیراعظم شہباز شریف سے ملکر بہت خوشی ہوئی ،تقریب سے پاکستانی ، ترکیہ کے تاجروں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا،دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ترجیحی تجارتی معاہدے سے ہدف کے حصول میں مدد ملے گی، مشترکہ ریل ٹرانسپورٹیشن بالخصوص اسلام آبادتہران استنبول فریٹ ٹرین لائن کو فعال بنانا چاہیے ، پورے خطے کے مفاد میں ہے ،متعدد منصوبوں پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔

ترکیہ کے صدر نے کہاپاکستانی عوام نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں ترکیہ کا ساتھ دیا ،دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا ،تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،اسرائیل نے غزہ میں بے پناہ ظلم ڈھایا ،جنگ کے دوران ہزاروں شہید ہوئے ، جنگ بندی کے بعد غزہ صورتحال میں بہتری آئی ،غزہ کے شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

اردوان نے کہاپاکستان ،ترکیہ ملکر خطے میں امن سمیت دیگر مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، معاہدوں و دستاویزات پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا،قوم کے بہتر مستقبل کےلئے سخت محنت ،تاجر برادری کو بہتر مواقع کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی،شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں۔