IMF کی ایک اور شرط پوری، ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا قانون منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری،وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا قانون منظور کرلیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی اور سول سرونٹس ایکٹ میں نئی دفعہ 15 اے کا اضافہ کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا قانون منظورکر لیا۔

نئی شق کے تحت حکومت سرکاری ملازم کے مالی طرز عمل کو ریگولیٹ و مانیٹر کر سکے گی ، سرکاری افسروں کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی،گریڈ 17 سے 22 تک کے سرکاری افسر اپنے اثاثے عام کرنے کے پابند ہوں گے ،اپنے اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیل بھی فراہم کریں گے۔

سرکاری افسر اپنے ملکی و غیرملکی اثاثے و مالی حیثیت ایف بی آر کے ذریعے ظاہر کریں گے، اثاثوں تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی رسائی ہو گی، قابل رسائی ڈیٹا کا تحفظ یقینی ، ذاتی معلومات کو خفیہ رکھا جائے گا ،شناختی نمبر ، رہائشی پتے ، بینک اکاﺅنٹ یا بانڈ نمبرز کی رازداری رکھی جائے گی، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اب مسودہ قانون منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔