منی لانڈرز کو اقتدار میں بٹھادیا گیا،عمران کاآرمی چیف کو تیسرا خط

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو تیسرا کھلا خط لکھ دیا۔

وکیل فیصل چودھری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہابانی پی ٹی آئی کا خط 6پوائنٹس پر مشتمل ہے، خط میں الیکشن فراڈ کے ذریعے اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کا معاملہ اٹھایا گیا۔

عمران خان نے کہامنی لانڈرز کو اقتدار میں بٹھادیا گیا،دہشتگردی رول آف لا نہ ہونے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے،18 لاکھ لوگ ملک چھوڑ گئے ،20 ارب ڈالر کا سرمایہ ملک سے باہر چلا گیا جب حکومت چھوڑی معاشی گروتھ 6.4فیصد تھی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہاکوٹ پیکنگ پی ٹی آئی کےخلاف کریک ڈاون کےلئے کی جارہی ہے، قانون ورلڈ پراجیکٹ انڈیکس پر پاکستان 140 ویں نمبر ہے۔

فیصل چودھری نے کہاجی ایچ کیو کیس میں بھی اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کریں گے، 26 ویں ترمیم کے بعد نظام عدل زمین بوس ہوگیا،9مئی پر جوڈیشل کمیشن کے مطالبے پر قائم ہیں، سیاسی کمیٹی میں کچھ نئے ممبران کااضافہ کیاجائےگا۔

ادھر خاتون جج دھمکی کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف کیس کے جیل ٹرائل کیلئے جج نے ہائیکورٹ کو مراسلہ لکھ دیا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کےخلاف خاتون جج دھمکی کیس پر سماعت سول جج مرید عباس نے کی،جج نے استفسار کیا کیس لگا ہوا ہے؟ وکیل نے بتایا جی لگا ہوا ہے۔

عدالت نے کہا 2،3تاریخیں پہلے ہائیکورٹ کو لکھا تھاکیس کا جیل ٹرائل کیا جائے لیکن ابھی تک ہائیکورٹ کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا، جیسے ہی رپورٹ داخل ہوگی کیس کو مزید کسی تاریخ کیلئے ملتوی کر دیں گے،بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔

دریں اثناجوڈیشل کمپلیکس حملہ و جلاﺅ گھیراو کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے عمران خان سمیت غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری اور مسلسل غیر حاضر ملزموں کے مچلکے منسوخ کر دئیے،انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی،ملزم بانی پی ٹی آئی کی غیر حاضری کے باعث ٹرائل کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی، جیل حکام نے کہا سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش نہیں کیا جا سکتا،عدالت نے دستیاب ملزموں کی حاضری کے بعد تینوں کیسز پر آئندہ سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔

ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس نمٹا دیا،جسٹس ارباب طاہر نے جیل حکام کو ہدایت کی فوکل پرسن کے ذریعے علی امین گنڈاپور کا نام بھی بھجوایا جائے اگر بانی پی ٹی آئی ملاقات کرنا چاہیں تو کرائی جائے۔