متروکہ وقف املاک بورڈافسران کا حساس ادارے کے اعلیٰ عہدیدار کی قیمتی زمین پر قبضہ

لاہور ( رپورٹ:علی جنید) متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے محکمہ متروکہ وقف املاک کی اربوں مالیت کی 10 کنال سے زائد زرعی اراضی جعلی کاغذات پر حاصل کرتے ہوئے لاہور بیدیاں کے علاقہ میں حساس ادارے کے اعلیٰ آفیسر کی بھی 3 کنال 14 مرلے اراضی پر قبضہ کر لیا ہے جس پر اعلیٰ آفیسر کی مداخلت پر تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور نے محکمہ سمیت تمام اراضی پر قبضہ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت ، چیئرمین ، ایڈمنسٹریٹر لاہور کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے ، قبضہ گروپ نے سیکرٹری بورڈ سے ساز باز کرتے ہوئے ملازمین کے خلاف رپورٹ تیار کرنے والے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور 2 کو او ایس ڈی کرتے ہوئے قبضہ کروانے والے افسران کو دوبارہ مختلف اضلاع سے لاکر قبضہ والی جگہ دوبارہ تعینات کروا دیا ہے ، اس بارے میں حساس ادارے کے اعلیٰ آفیسر کے بھائی چودھری ادریس نے ”مشرق“ کو بتایا کہ قبضہ گروپ کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے لیکن سیکرٹری بورڈ فرید اقبال ملزمان عظیم وغیرہ کے ساتھ ساز باز کر رہا ہے جبکہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر منیر احمد کی رپورٹ حقائق پر مبنی ہے اور اسے عہدہ سے ہٹانا ثبوت ہے کہ فرید اقبال اس گروہ کا ساتھ دے رہا ہے جبکہ اس بارے میں مشرق کی جانب سے سیکرٹری بورڈ فرید اقبال سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہ دیا ، ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کو بھی ”مشرق“ کی جانب سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا اور تمام تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ پیغام فرید اقبال تک پہنچا دیا جائیگا ، بعدازاں قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی 10 کنال 2 مرلے کے جو کاغذات قبضہ گروپ عظیم وغیرہ نے تیار کر رکھے ہیں اس بارے کیا جاتا ہے کہ متروکہ وقف املاک افسر یاسر مونگا نے 2022 میں کرایہ داری کرتے ہوئے انکو دئیے تھے جبکہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر منیر احمد کی انکوائری رپورٹ میں وفاقی حکومت کو تحریری طور پر بتا یاگیا ہے کہ یاسر مونگا اس دوران لاہور میں تعینات ہی نہیں تھے اور نا ہی ان کے یہ کاغذات تیار کردہ ہیں ، اور حیرت کی بات تو یہ ہے کہ متروکہ وقف املاک کی دفتری کی فائل میں اس اراضی کی لیز ، کرایہ داری کی مذکورہ قبضہ گروپ کے بارے میں دینے کا ذکر بھی نہیں ہے بلکہ اصل میں یہ اراضی متروکہ وقف املاک کے چند ملازمین عاصم اعجاز ، گلشاد ، چوکیدار شاہد نے جعلسازی سے تیار کروا کر دی ہیں جنہیں سیکرٹری فرید اقبال نے ایک مرتبہ پھر دوسرے اضلاع سے لاکر لاہور میں تعینات کر دیا ہے ، مشرق نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر منیر احمد کی اعلیٰ حکام کو بھیجی گئی رپورٹ ودیگر تمام دستاویزات حاصل کر لی گئی ہیں۔