پاک، ایران تعلقات خطے کے استحکام ،ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات دوستی اور بھائی چارے کی ایک مضبوط مثال ہیں۔پاک، ایران تعلقات خطے کے استحکام اور ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے 46ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے پاکستانی قوم کی جانب سے ایران کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور پاک،ایران تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات دوستی اور بھائی چارے کی ایک مضبوط مثال ہیں۔ دونوں ممالک تجارتی، ثقافتی اور اقتصادی سطح پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن معاہدہ بھی دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے پاک،ایران تعلقات کو خطے کے استحکام اور ترقی کیلئے ایک مضبوط بنیاد قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز کا مل کر حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔تقریب میں ایران کے قونصل جنرل مہران موحدفر نے بھی خطاب کیا اور پاک-ایران تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار تھی جس میں سفارتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔