اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نیب ہیڈ کوارٹراسلام آباد میں قومی احتساب بیورو اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان مفا ہمتی سمجھوتے پر دستخط کئے گئے۔ مفاہمتی سمجھوتے کی تقریب میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد، ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادرشاہ،اور منیجنگ ڈائریکٹرپی پی آر اے(PPRA) حسنات احمد قریشی نے شرکت کی۔سمجھوتے پر ڈائریکٹر جنرل نیب(اے اینڈ پی) اظہار احمد اعوان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ای- پیڈز شیخ افضال رضا نے دستخط کئے۔ چیئرمین نیب نے اس موقع پرسرکاری خریداری کے روائتی نظام کو خودکار نظام پر منتقل کرنے کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پبلک پروکیورمنٹ کے پورے عمل میں شفافیت آئیگی اور احتساب ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے سمجھوتے کا مقصد پبلک پروکیورمنٹ کے عمل کو ہر ممکن حد تک بد عنوانی کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے جو طریقہ کار اور قواعد وضوابط وضع کئے جائیں گے ان سے بدعنوانی کے سد باب میں مدد ملے گی۔سمجھوتے کا مقصد ای- پیڈز کے حوالے سے دونوں اداروں کے باہمی تعاون پر مبنی معلومات کے تبادلے، منصفانہ شفاف مقابلے، پبلک پروکیورمنٹ کے عمل کا ایسا نظام وضع کرنا ہے جس سے دونوں اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے شفافیت اور احتساب میں اضافہ کیا جا سکے اور یہ وضع کردہ نظام و طریقہ کار بدعنوان اور جعلساز عناصر کیلئے خوف کی علامت ہو۔ مفاہمتی سمجھوتے کے مطابق دونوں ادارے اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ وہ پبلک پریکیورمنٹ سے متعلقہ دیگر اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے، بدعنوانی اور جعلسازی کی روک تھام کیلئے رہنما اصول تیار کرنے میں مدد دیں گے اور ماضی کے مقدمات کے کامیاب تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے پروکیورمنٹ سے متعلق پالیسیوں اور پروکیورمنٹ کے طریقہ کار کے حوالے سے معاونت کریں گے۔ پرو کیورمنٹ کے حوالے سے کسی قسم کی شکایات پر پی پی آر اے اس شکایت کو متعلقہ ٹینڈر اور معہ بولی دہندگان کی تفصیلات سمیت اپنے تجزیہ کے ساتھ ضروری کارروائی کیلئے نیب کو بھیجے گا۔اس مفاہمتی سمجھوتے کے مطابق نیب افسران کی پبلک پروکیورمنٹ کے بارے میں پی پی آر اے مفت تربیتی سیشن منعقد کرے گا۔اسی طرح نیب کی طرف سے بھی پی پی آر اے کے افسران کی بھی پبلک پروکیورمنٹ میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔ پرو کیور منٹ سے متعلق بولی میں حصہ لینے والوں اور پبلک پریکیورمنٹ سے متعلق اداروں کے قانونی ضوابط کار مستحکم کرنے کیلئے بھی دونوں ادارے باہمی تعاون سے اصول وضح کریں گے تاکہ بد عنوانی کی روک تھام ہو سکے ۔ ایسی اصلاحات کو بھی فروغ دیا جائے گا جس سے پرو کیورمنٹ کے عمل میں احتساب کا انتظام مضبوط تر ہو سکے۔ مفاہمتی سمجھوتے کے مطابق دونوں ادارے نیشنل الیکٹرانک پروکیورمنٹ ڈیٹا بیس کے قیام کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ اس مقصد کیلئے پی پی ار اے مرکزی ڈیٹا بیس تیار کرے گا جس میں پروکیورمنٹ سے متعلق اعداد و شمار ٹینڈرز اور بولی کے حوالے سے بھی معلومات شامل ہوں گی۔مفاہمتی سمجھوتے سے پبلک پروکیورمنٹ کے تمام متعلقہ اداروں میں پروکیورمنٹ قوانین و ریگولیشنز اور اخلاقی معیار سے متعلق آگاہی عام کی جائیگی۔ قبل اذیں پی پی آر اے کی ٹیم نے ای پیڈز اور پی پی آر اے سسٹم کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔
پبلک پروکیورمنٹ کیساتھ معاہدہ خوش آئند، احتساب کے عمل میں شفافیت آئیگی: چیئرمین نیب



















