لاہور(مشرق نیوز) دوسری چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 2025 کے فائنل راو¿نڈ کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کیساتھ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں سکول کے بچوں اور کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، تقریب میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، چیمپئن شپ کے آفیشل گانے، ملی نغموں اور پاکستان رینجرز پنجاب کے بینڈ نے حاضرین کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا۔
معزز مہمانوں میں ہاکی کے قومی ہیروز چوہدری اختر رسول، منظور الحسن، توقیر ڈار، شہباز احمد سینئر، طاہر زمان، آصف باجوہ، انجم سعید، دانش کلیم، کامران اشرف، محمد خالد، طارق شیخ، شیخ عثمان، محمد کاشف، محمد عاصم، میاں زاہد اقبال اور بابر عبداللہ کے علاوہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری رانا مجاہد علی شامل تھے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے قومی کھیل کی بحالی کیلئے مسلسل تعاون پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے ایونٹ میں شریک ٹیموں، عہدیداروں اور منتظمین کو بھی سراہا اور کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
فائنل راو¿نڈ میں دس بہترین ٹیمیں شامل ہیں جنہوں نے ضلعی، ڈویڑنل اور صوبائی راو¿نڈز کے بعد قومی سطح کے مقابلوں کیلئے کوالیفائی کیا ہے، ٹورنامنٹ کا آغاز 20 دسمبر 2024 سے پاکستان بھر میں ضلعی سطح کے مقابلوں سے ہوا جس میں 57 اضلاع سے 11594 کھلاڑیوں نے 527 کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے حصہ لیا۔
پنجاب سے 4، سندھ اور کے پی کے سے دو، دو اور بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے ایک ایک ٹیم فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔ یہ ٹیمیں قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی کیلئے مقابلہ کریں گی، بہترین 10 ٹیموں کے درمیان مقابلے 15 فروری 2025 کو منعقد ہونے والے فائنل میچ اور اختتامی تقریب تک جاری رہیں گے۔
دوسری چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل راونڈ کا آغاز



















