سعودی ولی عہد سے الشرع کی ملاقات ، شام کی مدد کے طریقوں پرتبادلہ خیال

دمشق (مشرق نیوز) شام کے صدر احمد الشراع ملکی اقتدار سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کے پہلے دورے پر پہنچے تو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ان کی اہم ملاقات ہوئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس موقع پر ولی عہد نے شام کی مدد اور عرب جمہوریہ کے ساتھ تعاون کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کئی پہلوﺅں سے جائزہ لیا، خطے میں پیدا شدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور حالات کی مزید بہتری کے امور زیر غور آئے۔ولی عہد نے اس ملاقات کے موقع پر شامی صدر کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور شامی عوام کیلئے اپنی خوشگوار امیدوں اور نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کامیابی کی دعا کی۔شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہماری طویل ملاقات ہوئی ہے۔ میں نے ملاقات کے دوران شام کے مستقبل کیلئے ولی عہد کی حقیقی خواہش کو محسوس کیا ہے۔ وہ شام کی مدد کرنے کا حقیقی جذبہ رکھتے ہیں۔