ایک سو نوے ملین پاونڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلیں دائر،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل آج طلب
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دی گئیں،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کی جانب سے ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری نے عدالت عالیہ میں اپیلیں دائر کیں،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے،دائر درخواست میں کہا گیا این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا، استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، عدالت سزا کو کالعدم قرار دے،درخواست میں استدعا کی گئی اسلام آباد ہائیکورٹ احتساب عدالت کا 17 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دے، عمران خان اور بشریٰ کو بری کیا جائے،دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے اور جیل میں سہولتوں کیلئے درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو آج طلب کر لیا،دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل فیصل فرید اور جیل حکام عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا آخری سماعت میں جیل حکام سے فون کالز اور ملاقات سے متعلق رولز کا پوچھا تھا ، جیل حکام نے جواب دیا فون کال 13 جنوری کو ہوئی تھی،چیف جسٹس نے استفسار کیا ہر بار فون کال کےلئے درخواست تو نہیں دینا ہو گی؟ جیل حکام نے بتایا واٹس ایپ کال رولز میں نہیں ہے لیکن عدالتی حکم پر کرائی گئی، سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ کی 2 بار ملاقات کرائی گئی، 17،20 اور 23 جنوری کو ٹرائل کے دوران بھی ملاقات ہوئی،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے دوران سماعت ملاقات نہیں ہے اسی لیے کہا تھا رپورٹ دیں، اگر ایسا ہی جواب دینا تھا تو میں سپرنٹنڈنٹ کو بلا لیتا ہوں،بعد ازاں عدالت نے تفصیلی جواب کےساتھ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور جیل حکام کو ہدایت دی سپرنٹنڈنٹ جیل 23 جنوری کا عدالتی آرڈر پڑھ کر آئیں، عدالت نے سماعت آج تک کےلئے ملتوی کر دی۔



















