صوبے میں غیرملکی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں کیلئے مکمل محفوظ ماحول ہے :آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے غیر ملکی ادارے ایرکسن کے نائب صدر فریڈرک پال رابرٹسن نے وفدکے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ وفد میں پاکستان میں کنٹری مینجر عامر احسن اور سٹرٹیجک تھریٹ اینیلسز لیڈ میٹیاس لوف و دیگرافسران شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری، معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پنجاب پولیس کے سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بہترین اور محفوظ ماحول موجود ہے جبکہ جدیدٹریننگ اور ٹیکنالوجی سے لیس سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی و غیر ملکی باشندوں و سرمایہ کاروں اور پراجیکٹس کو سکیورٹی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سیف سٹیز، ضلعی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کوارڈینیشن سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی ڈیش بورڈ کے ذریعے پنجاب پولیس کی ورکنگ اور کمیونٹی سروسز سے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ پنجاب پولیس دہشت گردی، شدت پسندی اور آرگنائزڈ کرائم جیسے چیلنجز سے نبردآزما ہے۔ وفد کے سربراہ نے غیر ملکی سرمایہ کاری اور بزنس کمیونٹی کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کی خدمات کو سراہا۔ سینئر افسران نے وفد کو پنجاب پولیس میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ویلفیئر پراجیکٹس، کمیونٹی خدمات اور ٹیکنالوجی بیسڈ اصلاحات بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کے سربراہ کو پنجاب کے پولیس سٹیشنز بارے کافی ٹیبل بک ''تھانے پنجاب دے'' پیش کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، اے آئی جی ویلفیئر ڈاکٹر عمارہ شیرازی، ایس پی سکیورٹی لاہور عبدالوہاب اور اے ایس پی ماڈل ٹاون شہر بانو نقوی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔



















