کے پی میں آپریشنز،رنگ لیڈر عزیزالرحمن سمیت 30خوارج جہنم واصل

راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)کے پی میں آپریشنز،رنگ لیڈر عزیزالرحمن سمیت 30خوارج جہنم واصل،6زخمی حالت میں گرفتار،پنجاب میں سی ٹی ڈی نے 10دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آراعلامیے کے مطابق 24 اور 25 جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ کارروائیوں کے دوران 30 خوارج کو ہلاک کردیا۔

ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ،18 خوارج ہلاک ،6 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

دوسری انٹیلی جنس کارروائی ضلع کرک میں کی گئی ،فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج مارے گئے،تیسری جھڑپ خیبر ضلع کے عمومی علاقے باغ میں ہوئی،4خوراج جہنم واصل ہوگئے،باغ میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونےوالوں میں رنگ لیڈر عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور خارجی مخلص بھی شامل ہیں ،2 زخمی ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہاہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا،دہشتگردفورسزپر حملوں، معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے،پاک فوج دہشتگردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے کےلئے پرعزم ہے۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کےلئے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشتگردی کےخلاف متحد ہے، مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کےخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ادھر کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں آپریشنز کے دوران 10دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ، میانوالی، سرگودھا اور فیصل آباد میں کی گئیں،گرفتار ہونے والوں میںفتنہ الخوارج کے 3دہشتگرد بھی شامل ہیں۔