اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے بنچ آئینی ہو یا سپریم کورٹ کاآئین و قانون کو ماننا ہوگا،26 ویں آئینی ترمیم کو پارلیمنٹ کے سواکوئی ادارہ ختم نہیں کرسکتا،رول بیک کا اختیار صرف پارلیمان کو ہے، کسی ادارے نے ترمیم کو ختم کیا تو کوئی نہیں مانے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاملکی خارجہ پالیسی برقرار اور مضبوط ہے ،جوہری ،میزائل ٹیکنالوجی قائد عوام ذوالفقار بھٹو ، بینظیر شہید کاقوم کو دیا تحفہ اور امانت ہے،پیپلز پارٹی معاملے پر کبھی سودے بازی نہیں کرے گی،صرف پارلیمنٹ کو 26ویں ترمیم واپس لینے کا اختیار ہے اگر کوئی دوسرا ادارہ ایسا کرنے کی کوشش کریگا تو کوئی قبول نہیں کریگا ۔
چیئرمین پی پی نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میںمجھے دعوت نامہ ملنے کی خبر میڈیا کی طرف سے چلائی گئی اب میڈیا سے ہی پوچھا جائے خبر کہاں سے ملی،امریکی صدر کے ناشتے میں شرکت کےلئے ضرور جاﺅں گا،سلسلہ بینظیر بھٹو کے دور سے چلتا آرہا ہے، امریکی حکام کےساتھ باضابطہ ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہاپیپلز پارٹی کے پاس اکثریت نہیں کہ اپنی مرضی سے قانون سازی کر سکے لیکن پارلیمنٹ میں عددی طاقت کے مطابق مثبت کردار ادا کرتی رہے گی،نئے چیف جسٹس کےلئے برادر ججز کو مشکلات کی بجائے آسانی پیدا کرنی چاہیے،متنازع پیکا ایکٹ پر میڈیا، ڈیجیٹل نمائندوں سے مشاورت ہوتی تو بہتر ہوتا، حکومت کو کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی پی نے کہاپیپلز پارٹی کابینہ کا حصہ نہیں بن رہی،وزیراعظم شہباز شریف 5 سال مکمل کریں گے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں بھارتی وزیر خارجہ کو دعوت ملنے اور پاکستانی وزیر خارجہ کو نہ ملنے کے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا ہر ملک کی اپنی خارجہ پالیسی ہوتی ہے، جیو پولیٹکس کے لحاظ سے امریکہ ، چین کے حالات واضح ہیں، چینی صدر کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی، جس کے بعد ضروری تھا بھارت کی طرف سے بھی نمائندگی ہوجہاں تک پاکستان کی خارجہ پالیسی کا تعلق ہے یہ اپنی جگہ قائم ہے
26 ویں آئینی ترمیم کو پارلیمنٹ کے سواکوئی ادارہ ختم نہیں کرسکتا،بلاول بھٹو



















