اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ٹرائل کورٹس کیسز کی سماعت پر ملزموں کی عدالت میں پیشیوں کو یقینی بنائیں،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تحریری آرڈر جاری کر دیا، رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو عدالتی حکمنامے کی کاپی کریمنل کیسز سننے والی تمام ٹرائل کورٹس کو بھجوانے کی ہدایت کر دی گئی۔
ہائی کورٹ نے حکم دیا ٹرائل میں تاخیر کی بنیاد پر ملزموں کو ضمانت دینے کی پریکٹس کی حوصلہ افزائی نہ کی جائے،پٹیشنر صادق کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ڈائریکشن دی گئی، ملزموں نے دوبارہ ضمانت کےلئے ہائی کورٹ سے رجوع کر کے کہا ٹرائل کورٹ میں فیصلہ تاخیر کا شکار ہے۔
حکم نامے کے مطابق ٹرائل کورٹ کی آرڈر شیٹ کے مطابق ملزم کو 7 سماعتوں پر جیل سے لا کر عدالت کے سامنے پیش ہی نہیں کیا گیا، حیرت انگیز بات ہے ٹرائل کورٹ نے متعلقہ اتھارٹیز سے ملزم کی عدم پیشی کی وجہ تک نہیں پوچھی، عدالتوں کا فرض ہے جوڈیشل کسٹڈی کے ملزموں کی حفاظت کو یقینی بنائیں، جیل میں جوڈیشل کسٹڈی کے ملزموں کی خیریت ٹرائل کورٹس کی ذمہ داری ہے۔
ہائیکورٹ نے کہاملزم کو عدالت پیش نہ کرنا ملزم اور پولیس حکام کی ملی بھگت معلوم ہوتی ہے تاکہ تاخیر کو وجہ بنا کر ضمانت لے سکے، ٹرائل کورٹس ملزموں کی عدم پیشی پر متعلقہ اتھارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کریں یا آرڈر میں ملزم کی عدم پیشی کی وجوہات تحریر کریں،عدالت نے پٹشنر صادق کے کیس کا ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ڈائریکشن پر عملدرآمد نہ ہونے کی رپورٹ طلب کر لی۔
ٹرائل کورٹس ملزموں کی پیشیاں یقینی بنائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ



















