اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)توشہ خانہ 2 کیس میں عمران ،بشریٰ کی بریت درخواستوں پر نوٹس،ہائیکورٹ نے ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام منہاس نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بریت درخواستوں پر سماعت کی،جسٹس راجہ انعام نے درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے بنچ تبدیل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں، یہ الگ معاملہ ہے، عدالت کیس سنے گی، آپ کیس کے میرٹس پر دلائل دیں،بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔
مزید برآں اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے بشریٰ کی عبوری ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کرتے ہوئے جیل میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
دریں اثناءتوشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ کے وکلا نے ایک اور نیب گواہ کے بیان پر جرح مکمل کرلی،اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ کےخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت پیش کیا گیا،سماعت کے دوران ڈائریکٹر نیب قیصر محمود کے بیان پر بشریٰ کے وکیل نے جرح مکمل کرلی، ایف آئی اے کے گواہ قیصر محمود پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل آئندہ سماعت پر جرح کریں گے، عدالت نے سابق وزیراعظم ، بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی
ادھر لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی نااہلی کےخلاف اور انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ جمعہ کو سماعت کرے گا۔
توشہ خانہ 2 کیس، عمران ،بشریٰ کی بریت درخواستوں پر نوٹس



















