اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سینٹ اجلاس کے دوران اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاونسز سے متعلق ترمیمی بل 2025 منظور کرلیا گیا،سینیٹر دنیش کمار نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاﺅنسز سے متعلق ترمیمی بل سینٹ میں پیش کیا، وفاقی وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بل کی مخالفت نہیں کی،اعظم نذیر تارڑ نے کہا بل کی منظوری پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے، قومی اسمبلی نے حال ہی میں ہاﺅس فنانس کمیٹی کو تنخواہوں اور الاﺅنسز سے متعلق اختیار دیا،سینٹ میں بھی ہاﺅس فنانس کمیٹی کو تنخواہوں اور الاﺅنسز سے متعلق اختیار دیا جارہا ہے، دونوں ایوانوں میں اب یکساں پالیسی ہوگی، اس لیے مخالفت نہیں کی،بل کے متن کے مطابق سینٹ ہاوس فنانس کمیٹی اراکین کے مالی معاملات کا جائزہ لے گی،ارکان کے مالی معاملات میں پارلیمنٹ بااختیار ہوگی،اجلاس کے دوران دیت سے متعلق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کا بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سپرد کردیا گیا،وزیرقانون نے کہا دیت کی کم سے کم حد متعین ہے لیکن زیادہ سے زیادہ دیت کی حد مقرر نہیں، راضی نامے کی صورت میں دیت طے کرنے کا حق ورثا اور متاثرہ شخص کے پاس ہے، ورثاءدیت کی رقم 50کروڑ اور ایک ارب بھی مانگ سکتے ہیں، عدالت نے طے کرنا ہے کتنی دیت آرڈر کرنی ہے،سینیٹر محسن عزیز کا اسلام آباد صحت عامہ انضباط ترمیمی بل 2025 متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا،سینیٹر محسن عزیز نے کہا خیبرپختونخوا سے ہمارے سینیٹرز نہ ہونے کا ہمیں ایوان میں نقصان ہے ، ایک سال ہوگیا ہے خیبرپختونخوا میں سینٹ کا انتخاب نہیں ہوا،اجلاس کے دوران سینیٹر عبدالقادر کا دستور ترمیمی بل 2025 بھی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا،اجلاس کے دوران قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی بل 2024 سینٹ سے منظور کرلیا گیا،سینٹ اجلاس میں پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ترمیمی بل سے متعلق تحریک مسترد کردی گئی۔
سینٹ اجلاس، اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں، الاونسز سے متعلق ترمیمی بل 2025 منظور



















