الیکشن کمیشن نے ایک سیاسی جماعت اور حکومت کے حق میں جھکاو کو ظاہر کیا: سپریم کورٹ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ نے عادل بازئی کیس میں کہا ہے الیکشن کمیشن نے ایک سیاسی جماعت اور حکومت کے حق میں جھکاو کو ظاہر کیا، عادل بازئی کبھی بھی ن لیگ کے رکن نہیں رہے مگر الیکشن کمیشن نے صرف ن لیگ کے سربراہ کی بات پر یقین کیا،سپریم کورٹ نے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کےخلاف اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ،فیصلے میں کہا گیا ہے کوئی ممبر پارلیمنٹ منحرف ہوجائے تو اسے شوکاز نوٹس جاری کرنا ضروری ہے، الیکشن کمیشن یا ٹربیونل پارٹی ہیڈ کے ڈکلیئر یشن کا جائزہ لے کر اس کی تصدیق کرتا ہے، پارٹی ہیڈ کے ڈکلیئر یشن کا تنازع ہو تو اسے فریقین سول کورٹ میں طے کر سکتے ہیں، الیکشن کمیشن حقائق کا خود سے جائزہ نہیں لے سکتا،تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے ہم یہ وضاحت کرنا ضروری سمجھتے ہیں عدالت کی جانب سے 16 فروری 2024 کے رضا مندی کے حلف نامے کی اصلیت اور قانونی حیثیت کے بارے میں دیا گیا فیصلہ سول عدالت کے حتمی فیصلے سے مشروط ہے، اپیل کنندہ کی جانب سے جعلی رضا مندی کے حلف نامے کی تیاری اور اس کے استعمال کے حوالے سے جو الزامات شہباز شریف کے خلاف لگائے گئے ہیں، الزمات کی سنگینی کے پیش نظر ہم توقع کرتے ہیں سول عدالت، ان معاملات کا فیصلہ جلد از جلد کریں گی،جسٹس عائشہ ملک نے اضافی نوٹ میں لکھا آئین واضح طور پر یہ فراہم کرتا ہے کہ حکومت کا اختیار صرف عوام کی مرضی پر مبنی ہے، یہ مرضی عوام کے اپنے حق رائے دہی کے استعمال اور انتخابی و سیاسی عمل میں شرکت کے ذریعے ظاہر ہوتی ہے، انتخابات بنیادی طریقہ ہیں جس کے ذریعے رجسٹرڈ ووٹر اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں، جو ان کی جانب سے حکومت کریں گے اور حکومت کے اختیارات کا استعمال کریں گے، مقدمے کے حقائق ظاہر کرتے ہیں الیکشن کمیشن عوام کی مرضی کو عملی جامہ پہنانے کی آئینی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا۔



















