لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیکرٹری کمیونی کیشن اینڈ ورکس پنجاب سہیل اشرف کے ہمراہ زیر تعمیر پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق، دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے زیر تکمیل سمارٹ پولیس سٹیشن اسلام پورہ اور سیف سٹیز ویمن ہاسٹل قربان لائنز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ آئی جی پنجاب، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے سمارٹ پولیس سٹیشن اور وویمن ہاسٹل کے کنسٹرکشن ورک میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سیف سٹیز ویمن ہاسٹل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کیلئے شاندار تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 204 بیڈز پر مشتمل زیرتکمیل 02 منزلہ سیف سٹیز ویمن ہاسٹل میں ڈے کیئر سنٹر، میس، لائبریری اور گیم ایریا شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور کے گنجان آباد علاقوں میں تعمیر ہو رہے 22 سمارٹ پولیس سٹیشن تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ آئی جی پنجاب نے جدید ڈیزائنگ سے مزین کثیرالمقاصد سمارٹ پولیس سٹیشن جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 39 سمارٹ پولیس سٹیشن صوبہ بھر کے گنجان آباد علاقوں میں ایک سے 2 کنال اراضی پر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ تمام سمارٹ پولیس سٹیشنز سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن پروٹوکول اور ایس او پیز پر فنکشنل ہونگے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں محکمہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس پنجاب کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر سمیت پولیس اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔
سٹیٹ آف دی آرٹ سیف سٹیز ویمن ہاسٹل خواتین پولیس کیلئے تحفہ ہیں :آئی جی پنجاب



















