حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو معاشی و سماجی ترقی کا محرک بنانے کیلئے پرعزم ہے:رانا مشہود

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم ہاو¿س اور آل پاکستان جیو سائنٹسٹ ایسوسی ایشن ای پی جی اے نے اپنے تعاون کو باضابطہ طور پر مستحکم کرنے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ منعقدہ تقریب کے دوران اس معاہدے میں پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے، سوشل انٹرپرینیورشپ اور ہنر کی ترقی کے جدید پروگراموں کے ذریعے بااختیار بنانے کا مشترکہ وژن اجاگر کیا گیا ہے جس میں خصوصی طور پر پسماندہ علاقوں پر توجہ مرکوز کی جائیگی اور صنفی مساوات کو فروغ دیا جائیگا۔ دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے شرکت کی۔ معاہدے پر دستخط ڈاکٹر محمد علی ملک، ڈائریکٹر جنرل وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پروفیسر عادل نصیر، سی ای او / بانی ای پی جی اے نے کئے۔رانا مشہود احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو معاشی و سماجی ترقی کا محرک بنانے کیلئے پختہ عزم پر زور دیا۔ای پی جی اے کے ساتھ ہماری شراکت داری اس بات کا غماز ہے کہ ہم نوجوانوں کو مستقبل کیلئے ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم ملکر پاکستان کیلئے ایک روشن مستقبل تخلیق کرنے کا عزم رکھتے ہیں، جہاں تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان فرق کو کم کیا جائیگا اور نوجوان خواتین و مرد عالمی مسابقتی ورک فورس کے چیلنجز کیلئے تیار ہوں گے۔ یہ اقدام قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، جو ایک خوشحال اور خود انحصار پاکستان کے وژن کے مطابق ہے۔اس معاہدے کے تحت، نیشنل سینٹر آف ایکسی لنس آن انرجی اینڈ کلائمیٹ، جو ای پی جی اے کی قیادت میں ایک اقدام ہے۔ تحقیق، جدت اور پالیسی سازی کیلئے ایک مرکز کے طور پر کام کریگا۔ یہ مرکز کلائمیٹ چینج، قابل تجدید توانائی اور جیو سائنسز پر مبنی تربیت اور ہنر کی ترقی کے پروگرام فراہم کریگا جس میں سب کیلئے شمولیت اور رسائی کو یقینی بنایا جائیگا۔سی ای او ای پی جی اے پروفیسر عادل نصیر نے کہا کہ ای پی جی اے میں ہم تعلیم، تحقیق اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ PMYP کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے ان کوششوں کو مزید تقویت دیگی تاکہ ہم نوجوانوں کیلئے پاکستان کی ترقی میں مو¿ثر طور پر حصہ ڈالنے کے مواقع پیدا کر سکیں، اس معاہدے میں نوجوانوں کے بااختیاری کے پروگراموں، سائنسی تحقیق کے اقدامات، اور کمیونٹی کی شمولیت کی مہمات کے قیام پر بھی زور دیا گیا ہے، جو قدرتی آفات کے انتظام، ماحولیاتی پائیداری اور قابل تجدید توانائی کے حل جیسے اہم مسائل کو حل کریں گے۔یہ شراکت داری پاکستان کے سماجی و اقتصادی چیلنجز کو جدید اور جامع حل کے ذریعے حل کرنے کیلئے ایک حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق ہے، جو سب کیلئے بااختیاری، تعلیم اور مساوی مواقع پر زور دیتی ہے۔یہ تعاون ای پی جی اے کی وسیع مہارت اور وسائل سے استفادہ کریگا جبکہ PMYP ان اقدامات کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے سہولت فراہم کریگا۔ اس تعاون کے تحت تمام سرگرمیاں ای پی جی اے کی طرف سے مالی طور پر معاونت حاصل کریں گی جو اس مقصد کیلئے اسکی پختہ وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔