راولپنڈی :(بیورورپورٹ)آئی ایس پی آر نے کہاہے بھارتی آرمی چیف اوپندرا دویدی کا بیان مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔
اپنے بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینے کا بیان منافقت کی کلاسیکل مثال ہے، سینئر بھارتی فوجی افسر پاکستان میں دہشتگردی کرتے پکڑا گیا، انڈین جنرل نے بات کو مکمل نظر انداز کردیا،بھارتی آرمی چیف کا بیان نہ صرف حقائق کے منافی بلکہ بھارتی روایتی پالیسی کے تحت پاکستان پر بلاجواز الزام تراشی کرنے کی ایک اور ناکام کوشش ہے،بیان دنیا کی توجہ بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں جاری مظالم، اقلیتوں کےساتھ ناروا سلوک اور سرحد پار جبر ی پالیسیوں سے ہٹانے کی کوشش بھی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہابھارتی جنرل نے ماضی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعیناتی کے دوران کشمیریوں پر بدترین مظالم کی نگرانی کی تھی، سیاسی مقاصد کے تحت دئیے گئے گمراہ کن بیانات بھارتی فوج کی سیاست زدہ ہونے کی عکاسی کرتے ہیں، دنیا بھارتی نفرت انگیز تقاریر،مسلمانوں کےخلاف نسل کشی کو بھڑکانے والے بیانات سے بخوبی آگاہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاعالمی برادری بھارت کی سرحد پار قتل و غارتگری اور معصوم کشمیریوں پر مظالم و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کرسکتی، مظالم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں جو سلامتی کونسل قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوںگی،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی کوششیں تقویت پکڑرہی ہیں، پاکستان کےخلاف دہشتگردی کے کسی غیر موجودہ ڈھانچے کا پروپیگنڈا کرنے کی بجائے حقیقت کو تسلیم کرنا بھارتی قیادت کےلئے بہتر ہوگا، حقیقت یہ ہے سینئر بھارتی فوجی افسر پاکستان کی تحویل میں ہے، پاکستان میں معصوم شہریوں کےخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، بھارتی جنرل نے بات کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہادہشتگردی کی سرپرستی کا الزام دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ، پاکستان بے بنیاد و جھوٹے بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، بھارتی فوج کی قیادت سے توقع کی جاتی ہے وہ سیاسی ضرورتوں کی بجائے شائستگی، پیشہ ورانہ طرز عمل اور ریاستی تعلقات کے اصولوں کو مدنظر رکھے۔
قبل ازیںترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بھارتی وزیر دفاع اور چیف آف آرمی سٹاف کے بے بنیاد دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق ہونا ہے،آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان پر بھارت کے بے بنیاد دعووں کا کوئی جواز نہیں، بھارتی قیادت کا بیان انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
دفتر خارجہ نے کہابھارت کے پاس آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں پر فرضی دعوی ٰکرنے کی کوئی قانونی یا اخلاقی بنیاد نہیں ،واضح کرتے ہیں اشتعال انگیز بیانات علاقائی امن و استحکام کےلئے نقصان دہ ہیں، بھارت دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے اپنے اندر جھانکے، بھارت دہشت گردی میں اپنے ملوث ہونے کی دستاویزی حقیقتوں کو تسلیم کرے۔
بھارتی آرمی چیف کو منہ توڑ جواب، اوپندرا دویدی کا بیان مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش ہے،ISPR



















