رانا ثناءاللہ نے پی ٹی آئی سے سیاسی قیدیوں کی فہرست مانگ لی

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ جب پی ٹی آئی تحریری مطالبات پیش کرے گی تو ہم پارٹی اور اتحادیوں کے پاس لیکر جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوری اور سیاسی نظام میں مذاکرات بنیادی تقاضا ہوتے ہیں۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مذاکرات کے ہم اس وقت بھی حامی تھے جب اپوزیشن میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس جوڈیشل کمیشن کے اختیارات کیا ہوں گے، وہ رپورٹ کتنی دیر میں پیش کریگا، اہمیت تو ان چیزوں کی ہے جن پر ابھی کوئی بات نہیں کی گئی۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کن لوگوں کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں؟ کیا ان لوگوں کا سٹیٹس سیاسی قیدی کا ہے یا انہوں نے کوئی اور جرم کیا ہے، یہ ساری چیزیں ایسی ہیں جن کیلئے وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہی مشورہ ہے کہ ان سب چیزوں پر تسلی اور تحمل کے ساتھ بات کریں اور کوشش کریں کہ اتفاقِ رائے پر پہنچیں۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ میٹنگ میں ہم نے کہا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کیا چاہتے ہیں، پھر کیا جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کیلئے بھی آپکی کیا کوئی شرط ہے یا نہیں، جن لوگوں کو پی ٹی آئی سیاسی قیدی سمجھتی ہے انکی فہرست دے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیدیوں کی فہرست دے ہم پھر جواب دے سکیں گے کہ وہ سیاسی قیدی ہیں یا نہیں، امید ہے کہ کل جو میٹنگ ہونے جا رہی ہے اس میں پی ٹی آئی اپنی فہرست دیگی، امید ہے کہ پی ٹی آئی کل جوڈیشل کمیشن سے متعلق اپنی شرائط بتائے گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ ہم نے اپنے 12 شہداءاور 49 زخمیوں کا ذکر کیا تھا، تاہم زخمیوں میں سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ان کا ڈیٹا بھی عدالت میں جمع کرانا ہے۔ اسلام آباد کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل حکومت سے ہمارے مذاکرات کا تیسرا سیشن ہو گا، ہم اپنے مطالبات تحریری طور پر جمع کرائیں گے۔ انکا کہنا ہے کہ حکومت اگر نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ بیٹھے تو مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔