پسپ منصوبے80فیصد مکمل ، ڈیڈ لائن 30جون ہے،کمشنر ساہیوال کی ADBوفد کو بریفنگ

ساہیوال:(بےورورپورٹ)ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کاجائزہ لینے کےلئے ساہیوال کا دورہ کیا، وفد سینئر اربن ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ لارا آریان اور برائن اٹپا پر مشتمل تھا جبکہ چیف انجینئر شیخ طاہر، سیف امین، حیدر جاوید، سارا آصف اور سجاول بھٹی بھی ٹیم کا حصہ تھے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے وفد کو منصوبوں کی تکمیل بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا پسپ منصوبے80فی صد مکمل ہو چکے ہیں اور تکمیل کی ڈیڈ لائن 30جون ہے، پسپ کے تحت نہر کنارے لینڈ فل سائٹ پر خوبصورت پارک تعمیر کیا جائے گا، پسپ منصوبے سے شہر کی سیوریج اور پینے کے پانی کی 30سالہ ضروریات پوری ہونگی، منصوبے کے تحت بنائے گئے ڈسپوزل سٹیشنزبھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، شہر میں 3 پارکس بنائے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو تفریحی کی سہولیات فراہم کی جاسکیں، میونسپل کارپوریشن کی مشینری کےلئے پارکنگ شیڈ بھی بنایا گیا۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے سٹی منیجر اسجد خان اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیف انجینئر محمد طاہرنے بتایا منصوبے کے تحت جدید لینڈ فل سائٹ بھی تعمیر کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے سیوریج واٹر کی ٹریٹمنٹ کے بعد پانی 30ہزار ایکڑ زمین کو سیراب کرے گا، جاری ترقیاتی کام کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے گا،ایشائی ترقیاتیبینک کے لارا آریان نے کہا منصوبے کا مقصد عوام کو جدید شہری سہولیات فراہم کرنا ہے۔بعدازاں وفد کے ارکان نے مختلف منصوبوں کی سائٹس کا بھی دورہ کیا۔