قطر نے غزہ جنگ بندی کا حتمی مسودہ اسرائیل ،حماس کو بھجوادیا

دوحہ،واشنگٹن،تل ابیب:(مشرق نیوز)مذاکرات میں بریک تھرو کے بعد قطر نے غزہ جنگ بندی معاہدے کا حتمی مسودہ حماس اور اسرائیل کو بھجوادیا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے کہا مسودہ نہیں ملا تاہم معاہدے کا خاکہ واضح ہے اگر حماس جلد جواب دیتی ہے تو باقی چیزیں فائنل ہوجائیں گی،اسرائیلی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا جنگ بندی بات چیت میں پیشرفت ہوئی ،امید ہے جلد ہی کچھ چیزیں ہوتے دیکھیں گے۔

ادھر امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وائٹ ہاوس کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو نے صدر بائیڈن کو غزہ جنگ بندی مذاکرات میں ہونےوالی پیشرفت سے آگاہ کیا، صدر بائیڈن نے عمل تیز کرنے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاجنگ بندی کے ذریعے امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔