سیکرٹری سپریم کورٹ بار نے بھی 26 ویں ترمیم چیلنج کر دی

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سیکرٹری سپریم کورٹ بار نے بھی 26 ویں ترمیم چیلنج کر دی۔

سلمان منصور نے درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہاجوڈیشل کمیشن کو ججز کی تعیناتی سے روکنے، آئینی ترمیم کے تحت ہونےوالی تعیناتیاں اور تمام اقدامات کالعدم قرار دئیے جائیں،آئینی ترمیم بنیادی حقوق ، عدلیہ کی آزادی کے اصولوں سے براہ راست متصادم ہے،سیکرٹری سپریم کورٹ بار نے کہا جوڈیشل کمیشن میں ایگزیکٹو کی اکثریت عدلیہ کے امور میں مداخلت ہے،26 ویں آئینی ترمیم کےلئے اپنایا گیا طریقہ کار بھی کسی صورت جمہوری نہیں تھا، متعدد اراکین پارلیمنٹ نے دباو ڈالے جانے اور اغوا کیے جانے کے الزامات عائد کیے،آئینی ترمیم ،ججز کی تعداد میں اضافہ اور پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون میں ترمیم کو کالعدم قراردیاجائے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ بار نے آئینی ترمیم کےخلاف درخواستوں پر سماعت براہ راست نشر کرنے کی درخواست دے دی،ہائیکورٹ بار کی جانب سے متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا عدلیہ کی آزادی براہ راست عوام کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے،سپریم کورٹ ماضی میں ایسے کیسز براہ راست نشر کرتی رہی،عدلیہ کی آزادی اور بنیادی حقوق کا کیس ہے، 26ویںآئینی ترمیم کےخلاف درخواستوں پر کارروائی براہ راست نشر کی جائے۔