تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز تجاوزات کے خلاف مہم اور صفائی پر توجہ دیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز تجاوزات کے خلاف مہم اور صفائی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی علاقہ وار ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور وہ تجاوزات کے خلاف مہم اور صفائی کے ذمہ دار ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے بڑے شہروں پر خصوصی فوکس کیا جائے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار اپنے دفتر میں ڈپٹی کمشنرز کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ مستقل تجاوزات کے خاتمے کے لائحہ عمل تیار کیا جائے اور ڈپٹی کمشنرز فیلڈ افسران کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریڑیوں اور لوڈر رکشوں کا بازاروں میں داخلہ بند کیا جائے اور بڑے شہروں میں ریڑیوں کے لئے جگہیں مختص کی جائیں۔ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے باقاعدگی سے آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہروں کی خوبصورتی پر بھی توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ شہروں کی گلیوں اور محلوں میں صفائی پر بھی توجہ دی جائے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہروں میں صفائی کیلئے عملے سے تعاون کریں اور شہر وں کو خوبصورت بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔