بلدیہ عظمیٰ، اعصابی جنگ میں ایم او آر کو شکست، ملازمین کے ٹرانسفر تنازع پر یونین فاتح

لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور کے ریگولیشن ونگ کے ماتحت ملازمین کی ٹرانسفرز کے معاملے پر ایم او آر اور یونین کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعہ پر یونین جیت گئی جبکہ ایم او آر کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا پڑ گیا ہے۔ چند روز قبل میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل نے دو درجن سے زائد اہلکاروں کی باہمی تبدیلی کے احکامات جاری کئے جس پر سی بی اے یونین نے بھرپور احتجاج کیا اور ایم او آر کو اپنے موقف پر راضی کرنے کی کوشش کی لیکن معلوم ہوا کہ ایم او آر نے اپنے ہاتھ سے کئے گئے آرڈرز کو نہ صرف واپس لینے سے صاف انکار کردیا بلکہ یونین کو یہ بھی کہہ ڈالا تھا کہ ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا اختیار افسروں کا ہے لہٰذا اس اختیار کو اپنے ہاتھ میں لینے کی ہرگز کوشش نہ کی جائے جس پر یونین کے عہدیداروں نے ایم او آر کو یونین کی مرضی کے بغیر ٹرانسفر پوسٹنگ کرنے سے باز رہنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس دھمکی کے بعد ایم او آر کاشف جلیل نے حالیہ ٹرانسفرز پر فی الحال عملدرآمد روکدیا ہے۔ دوسری جانب ایم او آر اب تک درجنوں ملازمین کی ٹرانسفرز کر چکے ہیں جبکہ کچھ کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر فارغ بھی بٹھایا گیا ہے لیکن یہاں حیران کن امر یہ ہے کہ ان میں سے تگڑے اہلکار ٹرانسفر ہونے کے باوجود اپنی سابقہ پوزیشنز پر کام کر رہے ہیں مگر ایم او آر سب کچھ جانتے ہوئے بھی خاموش ہیں جبکہ کمزور ملازمین جب تک نئی جگہ رپورٹ نہیں کرتا تب تک بھرپور پہرہ دیا جاتا ہے۔