سلامتی کونسل غزہ میں خونریزی روکے،فوری جنگ بندی ناگزیر ہے:پاکستان

نیویارک:(خواجہ فاروق)پاکستان نے کہاہے فوری جنگ بندی ناگزیر ہے،سلامتی کونسل غزہ میں خونریزی روکے،انسانی بحران روکنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مستقل مندوب عاصم افتخار نے مسئلہ فلسطین سمیت مشرق وسطی کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہاغز ہ میں جنگ نہیں، بے دخلی ، نسلی صفایا اور تباہی کی مہم ہے، شہریوں پر اندھا دھند بمباری اوربنیادی ڈھانچے کی منظم تباہی الگ تھلگ واقعات نہیں، سوچے سمجھے اقدامات کا مقصد پوری قوم کو وطن سے مٹانا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا عالمی برادری یو این چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے دفاع کیلئے متحد ہو، تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں، کیا کونسل اپنی ذمے داری نبھائے گی یا المیے سے منہ موڑ لے گی؟ فلسطینی عوام کونسل سے امید، انصاف اور امن کے وعدے کی توقع رکھتے ہیں، مایوس نہیں کرنا چاہیے، غزہ میں خونریزی ختم ہونی چاہیے، فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے،سلامتی کونسل محفوظ انسانی راہداریاں قائم کرے تاکہ لوگوں کو زندگی بچانے والی صحت کی دیکھ بھال تک رسائی حاصل ہو سکے۔