کرم،سرکاری گاڑیوں پر حملہ،ڈی سی سمیت 7زخمی، دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، صدر،وزیراعظم

کرم،اسلام آباد،پشاور،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)کرم میں سرکاری گاڑیوں پر حملہ،فائرنگ،ڈی سی سمیت 7افراد زخمی،قافلے کی روانگی موخر،ڈپٹی کمشنر بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل،حالت خطرے سے باہر،40سے 50شرپسندملوث،تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا امن معاہدے کے تحت ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں سرکاری مذاکراتی ٹیم سڑک کھلوانے کےلئے بات چیت کررہی تھی، 40سے 50شرپسندوں نے فائرنگ کردی،افسوسناک واقعہ ہفتے کی صبح 10بج کر 35منٹ پر لوئر کرم کے علاقے بگن میںپیش آیا،امن معاہدے کے تحت ادویات ،کھانے پینے کے سامان ، سبزیوں ،پھل سمیت دیگر اشیا سے لدے 75ٹرکوں کا قافلہ کرم کےلئے روانہ ہونا تھا، سامان سے لدے ٹرک پہنچنے سے قبل تقریباً 40سے 50شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر اور سرکاری گاڑیوں پرگولیاں برسادیں، حملے میں ڈپٹی کمشنر،اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع نے کہا امن کمیٹیوں کی گارنٹی کے باوجود فائرنگ کا ہونا تشویشناک ہے،مقامی لوگ شرپسند عناصر کےخلاف متحد نہ ہوئے تو نقصان اپنا ہو گا، عوام چھپے امن دشمنوں کو پہچانیں،کارروائیاں جاری رہیں تو ادارے پوری قوت سے حرکت میں آکر ایکشن لیں گے،واقعہ میں ملوث کرداروں کی نشاندہی کرکے کارروائی کی جائے گی،امن معاہدے کی ضمانت امن کمیٹیوں نے دی ، کمیٹیوں نے یقین دہانی کرائی تھی امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی،حملے نے نہ صرف قافلے کو روک دیا بلکہ عوام کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ۔

ادھر مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہاحملہ بدنیتی پر مبنی کارروائی ہے،مقامی برادریاں پرامن رہیں اور سازشوں کا شکار ہونے سے گریز کریں،ڈپٹی کمشنرجاوید محسود کوٹل سی ایم ایچ میں سرجری کے بعد پشاور منتقل کردیا گیا،حالت خطرے سے باہر ہے،سکیورٹی خدشات کے باعث قافلے کو فی الحال روک دیا گیا،قافلہ جلد ہی اپنا سفر دوبارہ شروع کرےگا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ،علی امین گنڈا پور نے کہامعاہدے کے بعد واقعہ امن کےلئے حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ اور مذموم لیکن ناکام کوشش ہے، فائرنگ میں ملوث عناصر کےخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائےگی،صوبائی حکومت کرم میں امن کی بحالی اور عوام کو درپیش مشکلات حل کرنے کےلئے پر عزم ہے ۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہاکرم کے لوگ امن چاہتے ہیں، کچھ شرپسند عناصر امن کی بحالی نہیں چاہتے، ملکر مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے، علاقے کے لوگ شرپسند عناصر کوکیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت ، انتظامیہ کےساتھ تعاون کریں، امن کی بحالی کےلئے حکومت اور علاقہ عمائدین کی کوششیں متاثر نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب صدر آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف،وزیر داخلہ محسن نقوی ودیگر نے سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاامن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں ،انسانیت کے دشمنوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، حکومت ، سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کےخلاف سرگرم عمل ہے، امن کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے،عوام شرپسند عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دےں،زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔