ڈرونز پر ممکنہ پابندی،چین کی امریکہ پر شدید تنقید

بیجنگ (مشرق نیوز) چین نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے اس اعلان کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا کہ قومی سلامتی کی وجوہات کی بنا پر تجارتی چینی ڈرونز پر پابندیاں اس کے زیر غور تھیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکہ کے محکمہ تجارت نے کہا کہ وہ چین اور روس جیسے غیر ملکی مخالفین کی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ڈرونز سے لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے نئے قوانین پر غور کر رہا ہے۔ان کوششوں سے عالمی مارکیٹ پر حاوی چینی ڈرونز پر ضوابط یا پابندیاں نافذ ہو سکتی ہیں۔ممکنہ پابندیوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ما ننگ نے امریکہ پر قومی سلامتی کے تصور کی تعمیم کرنے، عام اقتصادی اور تجارتی تبادلے میں مداخلت کرنے اور پابندی لگانے اور عالمی پیداوار اور فراہمی کے تسلسل کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔انہوں نے مزید کہا، ہم اپنے جائز حقوق اور مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔