گوجرانوالہ میں جعلی ویزے بنانےوالی فیکٹری پر چھاپہ، 2 انسانی سمگلرگرفتار
گوجرانوالہ:(بیورورپورٹ)جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، 2 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیاگیا، ملزمان ملک کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کر رہے تھے۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی جانب سے انسانی سمگلرز کےخلاف خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کی گئی، شادمان کالونی میں چھاپے کے دوران 2 انسانی سمگلر گرفتار کرلیے،ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں ضیاالرحمن اور اعجاز احمد شامل ہیں جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کر رہے تھے، ملزمان جعلی پاسپورٹ، ویزا سٹیکرز اور دیگر سفری دستاویزات بنانے اور فروخت کرنے میں ملوث ہیں، ملزمان جعلی دستاویزات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں سے فراڈ کرتے تھے جبکہ ملزمان سے بڑی تعداد میں جعلی ویزا سٹیکرز برآمد کیے گئے۔



















