لاہور:(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں سنگین بیماریوں کا شکار پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 44 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دئیے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا فیصل آباد کے سب انسپکٹر محمد نوید اسلم کو ریڑھ کی ہڈی کی میجر سرجری کیلئے 30 لاکھ روپے دئیے گئے،اے ایس آئی عامر رشید کی اہلیہ کو ہارٹ اٹیک اور برین ہیمرج کے علاج کیلئے 09 لاکھ روپے جاری، کانسٹیبل خزان وحید بٹ کو علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری،کانسٹیبل محمد جنید اشرف کو علاج معالجے کیلئے 85 ہزار روپے دئیے گئے، قصور کی لیڈی کانسٹیبل اقصیٰ ارشاد کو سرجری کیلئے 83 ہزار روپے جاری اور راولپنڈی کے شہید کانسٹیبل رفیق کی اہلیہ کو مائنر سرجری کیلئے 76 ہزار روپے دئیے گئے،آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈ اجراءکی منظوری دی ۔
آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے ذریعے بھی ملازمین کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں،مزید برآں آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی،آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی درخواستیں سنیں اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کیے،آئی جی نے لاہور کے کانسٹیبل قطب الدین کی درخواست پر ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کو ریلیف کی ہدایت کی جبکہ پولیس شہدا شہزاد اور نواز کے والد کی پلاٹ اور مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
سنگین بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین کے علاج کیلئے 44 لاکھ کا اجرا



















