وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی۔ وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی میں نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحٰق ڈار، سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ اور سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں جبکہ پیپلزپارٹی سے راجہ پرویز اشرف، نویدقمر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

اسکے علاوہ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی، استحکام پاکستان پارٹی سے علیم خان، مسلم لیگ (ق) سے چوہدری سالک حسین اور بلوچستان عوامی پارٹی سے سردار خالد مگسی شامل ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائیگا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ انہوں نے مذاکرات سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو بھی سراہا۔

واضح رہے گزشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مذاکرات کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔ بعد ازاں، سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم سے کومتی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے کی درخواست کی تھی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام ختم ہونا چاہیے، مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے، حکومت معاملات کو حل کرنا چاہتی ہے اور یہ کہ سیاسی عدم استحکام ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے سپیکر کے بطور کسٹوڈین آف دی ہاوس کردار کو تسلیم کیا ہے جب کہ بیرسٹر گوہر کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز کو تسلیم کرتا ہوں۔ واضح رہے 2 روز قبل سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کیلئے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اختلافات ختم کرنے کیلئے بات چیت ضروری ہے اور اس کیلئے میرا دفتر ہر وقت حاضر ہے۔

ایاز صادق کے اس بیان سے ایک روز قبل اسمبلی کے اجلاس کے دوران شیر افضل مروت نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ میڈیا پر مذاکرات کی بات کی جاتی ہے اور یہاں کہتے ہیں مذاکرات نہیں ہو رہے، قوم کے سامنے جھوٹ بولا جاتا ہے۔ بعد ازاں، خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے دوران کہا تھا کہ شیر افضل مروت نے جو بات کی، یہ ٹھنڈی ہوا کا جھونکا محسوس ہوا ہے، ہماری اس جنگ میں نقصان ملک کو ہو رہا ہے، معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوتے ہیں، دھمکیوں سے نہیں، سیاستدان معاملات کے حل اور مذاکرات کیلئے سیاسی زبان استعمال کرتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا تھا کہ میں مذاکرات کا ماہر نہیں ہوں لیکن ہماری جماعت اور پیپلزپارٹی میں بھی ایسے لوگ ہیں جو اس کی قابلیت رکھتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ تبدیلی ایسی آنی چاہیے کہ ماحول بن سکے لیکن اگر آپ اپنی زبان سے کشیدگی بڑھا رہے ہوں اور یہ توقع رکھیں کہ مذاکرات ہوجائیں تو یہ ممکن نہیں۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناللہ نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات تک سسٹم آگے نہیں چل سکتا، سیاسی استحکام سمیت اس کے سوا کوئی حل نہیں کہ سیاسی لوگ بیٹھ کر جمہوری انداز میں مسائل حل کریں۔