پنجاب، پتھروں کی کرشنگ کی منظوری محکمہ ماحولیات کی پیشگی این او سی سے مشروط
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پتھروں کی کرشنگ کی منظوری محکمہ ماحولیات کی پیشگی این او سی سے مشروط کردی گئی ہے۔ سیکرٹری معدنیات اور ڈی جی ماحولیات نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا جس پر عدالت نے درخواستیں نمٹادیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے شہری اسد محمود اور دیگر کی درخواستوں پر سات صفحات کا تحریری حکم جاری کیا ۔جسٹس جواد حسن نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ آلودگی کی خاتمے کیلئے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، 26ویں آئینی ترمیم کے آرٹیکل 9اے کے تحت صاف اور صحت مند ماحول ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ جسٹس جواد حسن نے دوران سماعت اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد عثمان خان کی کارکردگی کی تعریف بھی کی ۔درخواست گزار نے جہلم اور دیگر علاقوں میں پتھر کی کرشنگ کے دوران آلودگی کا اقدام چیلنج کیا تھا ۔اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب عثمان خان نے عدالت کو بتایا کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے ، کئی سٹون کرشنگ یونٹس کو سیل اور مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔سیکرٹری معدنیات نے عدالت کو بتایا کہ مستقبل میں سٹون کرشنگ لیز یا تجدید محکمہ ماحولیات کے پیشگی این او سی کے بغیر نہیں ہوگی ۔اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل عثمان خان نے عدالت کو بتایا کہ درخواست کی استدعا کے مطابق افسران نے پہلے ہی عملدرآمد کردیا ہے، محکمانہ اقدام کے تناظر میں استدعا ہے کہ درخواست غیر موثردے کر نمٹائی جائے۔جسٹس جواد حسن نے لا افسر عثمان خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی اور پیش ہونے والے افسران کی کارکردگی قابل تعریف ہے ، عدالت نے فریقین کے وکلا ءکا موقف سن کر درخواستیں نمٹادیں۔



















