پشاور: (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کے پی میں امن کی آبیاری کےلئے آخری حد تک جائیں گے۔
محسن نقوی نے چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب شیرپاو سے ملاقات کی،باہمی دلچسپی و سیاسی امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر داخلہ نے کہاآفتاب شیر پاو بزرگ سیاستدان ہیں، خیبرپختونخوا میں سیاسی خدمات کا ہر کوئی معترف ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کے پی کے خصوصاً کرم میں قیام امن کیلئے اہم فیصلے کئے گئے، خیبرپختونخوا میں امن کی آبیاری کےلئے آخری حد تک جائیں گے، کرم ایجنسی ایشو پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے، بہت حساس معاملہ ہے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کرم کو اسلحہ سے پاک کیا جائے گا،بنکرز کی مسماری بھی یقینی بنائی جائیگی تاکہ خطے میں پائیدار امن ہو، راستوں کی بندش کی وجہ سے عوامی مسائل کا حکومت کو بخوبی ادراک ہے، امن معاہدے کے بعد معمولات زندگی بحال ہو جائینگے، بنکرز کی مکمل مسماری اور اسلحہ جمع کرانے کے بعد راستوں کو مکمل طور پر کھول دیا جائیگا۔
خیبرپختونخوا میں امن کی آبیاری کیلئے آخری حد تک جائیں گے: محسن نقوی



















