جی ڈی پی گروتھ بڑھانے کیلئے ”اڑان پاکستان“ منصوبہ متعارف، وزیراعظم نے نئے 5 سالہ معاشی پلان کی منظوری دےدی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے ملکی جی ڈی پی گروتھ 9.8 فیصد تک لے جانے، شرح خواندگی 70 فیصد تک بڑھانے اور غربت میں 13 فیصد تک کمی لانے کےلئے ”اڑان پاکستان“ کے نام سے نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان 2024-25 متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا،وزیراعظم نے پائیدار معاشی ترقی کےلئے نئے 5سالہ اڑان پاکستان منصوبے کی منظوری دےدی ہے، وزیراعظم شہباز شریف جمعہ کو خصوصی تقریب میں نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن منصوبہ جاری کریں گے،وزیراعظم کے منظور کردہ نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن منصوبے کے تحت اگلے 5 سال میں شرح نمو 9.8 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ شرح خواندگی 70 فیصد تک بڑھانے اور غربت میں 13 فیصد تک کمی لانا بھی منصوبے میں شامل ہے جبکہ سال 2035 تک پاکستانی معیشت کا حجم ایک ٹریلین ڈالرز تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،نئے پلان کا مقصد پاکستان کو پائیدار بلند معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، منصوبہ برآمدات سمیت فائیو ایز فریم ورک پر مبنی ہوگا جبکہ ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل سمیت مجوزہ پلان میں ماحولیات کو بھی ترجیح دی جائے گی،ذرائع کے مطابق معاشی پلان کے تحت انفرا اسٹرکچر، ایکویٹی، ایتھکس اور لوگوں کو بااختیار بنانا ترجیحات میں شامل ہیں،علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے،وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی موجود تھے،شہباز شریف نے کہا بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں،ملاقات کے دوران صوبہ بلوچستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر بلوچستان نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا،دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی، شاہ غلام قادر نے آزاد جموں و کشمیر کے توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے 23 ارب روپے کے پیکیج کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا،شہباز شریف نے کہا آپ اپنی بھرپور کوشش کریں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے،مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کےساتھ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کے موجودہ صورت کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر روح العالم صدیق نے وزیراعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی جنہوں نے پاکستان میں اپنی 4 سالہ مدت مکمل کرلی، شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کے فروغ کےلئے ہائی کمشنر کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں،وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے پاکستان میں قیام کے دوران انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا،قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے گورننس کی بہتری کےلئے نئے تعینات شدہ ماہرین نے وزیراعظم سے ملاقات کی،اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی ،ملاقات میں نئے تعینات شدہ افسران کے تعارف کے ساتھ ساتھ ان کو ان کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا گیا،وزیر اعظم کو بتایا گیا ماہرین اپنے شعبہ جات میں حکومت کو ماہرانہ و تنقیدی رائے اور جائزہ دیں گے جس سے مختلف سیکٹرز میں بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی، شہباز شریف نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گورننس کی بہتری کےلئے ماہرین کی تعیناتی سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی اور عوامی مفاد کے اہم فیصلوں کی ماہرین کی رائے اور تنقیدی جائزے کے بعد منظوری سے دور رس مثبت نتائج مرتب ہوں گے،میرے لیے یہ انتہائی قابل مسرت امر ہے کہ ہم باصلاحیت اور اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے لوگوں کی خدمات سے مستفید ہوں گے اور آپ سب پر ملکی امور کی فیصلہ سازی میں ماہرانہ رائے اور تعمیری سوچ شامل کرنے کی اہم ذمہ داری ہے، حکومت ملک کے ہر شعبے میں بہتری کےلئے اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہی ہے دور جدید میں ڈیجیٹائزیشن، خودکار نظام اور فیصلہ سازی میں بہتری ہی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں، وزیر اعظم نے کہاپر امید ہوں کہ آپ اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔



















