کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر، کچھ عناصر جنگ چاہتے ہیں: کے پی حکومت

پشاور (بیورو رپورٹ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے، تاہم کچھ عناصر جنگ چاہتے ہیں،ضلع کرم کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہمیں نفرتوں کو مٹانا ہوگا، جنگ خود بخود ختم ہو جائے گی، ضلع کرم کی مرکزی شاہراہیں بہت جلد آمد و رفت کے لیے کھول دی جائیں گی اور وہاں قائم بنکرز کو عوامی تعاون سے جلد ختم کیا جائے گا،، صوبائی حکومت ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے ادویات کی فراہمی جاری رکھے گی، فضائی آمد و رفت سروس کی بحالی بھی زیر غور ہے اور چند دنوں میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، فریقین امن چاہتے ہیں، امید ہے جنگ بندی کا عمل مستقل طور پر جاری رہے گا، اگر مری معاہدے پر عمل درآمد کیا جاتا تو آج ہمیں خونریزی کا سامنا نہ کرنا پڑتا، کرم میں امن و امان کا مسئلہ کئی نسلوں سے جاری ہے،موجودہ گرینڈ جرگے کو مسئلے کا مستقل حل نکالنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلیں محفوظ رہ سکیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کل ہی صوبائی سطح پر سپروائزری کمیٹی قائم کی ہے جس میں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔