شام میں حکومت کا دھڑن تختہ، بشار الاسد کا طیارہ روس جاتےغائب، ہلاکت کی خبریں

دمشق: (مشرق نیوز) باغی فاتح، شام میں حکومت کا دھڑن تختہ، ملک سے فرار ہوتے صدر بشار الاسد کا طیارہ روس جاتے ریڈار سے غائب، حادثے میں ہلاکت کی خبریں، تمام قیدیوں کیلئے عام معافی کااعلان کردیا گیا۔

شامی فورسز نے ہتھیار ڈال دئیے، باغیوں نے صدر بشار الاسد کا 24 سالہ اقتدار ختم کرکے شام پر مکمل کنٹرول حاصل کرکے جیل سے قیدیوں کو رہا کردیا۔

بشار الاسد ملک چھوڑ کر بھاگ نکلے، شامی باغیوں نے سرکاری ٹی وی پر پہلے ہی خطاب میں تمام قیدیوں کےلئے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بشار الاسد حکومت کے طویل سیاہ دور کا خاتمہ ہو گیا اب نیاعہد شروع ہوگا، شام کی تمام سرکاری،غیر سرکاری املاک وتنصیبات کا تحفظ کیا جائیگا۔

ابوالجولانی نے کہاجیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کردینگے۔ عوام، سابق حکومت کے فوجی سرکاری اداروں سے دور رہیں، سرکاری ادارے سابق وزیراعظم کی نگرانی میں ہیں، شام میں ہوائی فائرنگ سختی سے منع ہے، پرامن انتقال اقتدار تک سابق وزیراعظم غازی الجلالی تمام ریاستی اداروں کو چلائیں گے، کسی بھی صورت شام میں موجود کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کریں گے۔

ادھر حکومت کادھڑن تختہ ہونے پرعوام نے امیہ سکوائر پر جشن منایا ، فوجی ٹینکوں پر چڑھ گئے، دمشق میں باغی ملیشیا کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا، عوام کی جانب سے اسد چلے گئے، حمص آزاد ہے،شام زندہ بادکے نعرے لگائے گئے۔

دوسری جانب مفرور شامی صدر بشار الاسد کا طیارہ مبینہ طور پر روس جاتے ہوئے ریڈار سے غائب ہوگیا۔ حادثے میں مارے جانے کی خبریں ہیں،ریڈار سے غائب ہونے سے پہلے طیارہ کئی منٹوں تک مخالف سمت میں پرواز کرتا رہا۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق بشار الاسد IL-76 (YK-ATA) کے ذریعے دمشق سے بھاگے تاہم لوکیشن کاکچھ معلوم نہیں ہوسکا، فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق بشار الاسد سیرین ائیر کی فلائٹ 9218 کے ذریعے دمشق سے گئے، طیارے نے پہلے شام و عراق کے سرحدی علاقے کی جانب اڑان بھری پھر اچانک طیارہ بحیرہ روم کی جانب مڑ گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 4 انجن والے بشار الاسد کے طیارے کی منزل کی کسی قسم کی معلومات حاصل نہیں ہو سکیں تاہم ریڈار پر موجود ڈیٹا کے مطابق بشار الاسد کا طیارہ باغیوں کے زیراثر شہر حمص سے شمال مشرق کی طرف گیا پھر اچانک رخ شام کی ساحلی پٹی کی جانب موڑ گیا،2منٹ کے دستیاب ڈیٹا کے مطابق بشار الاسد کے طیارے کو 8725 فٹ کی بلندی سے مسلسل نیچے کی جانب آتے دیکھا گیا، طیارے کی رفتار 819 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 159 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی اور پھر رفتار 64 کلو میٹر فی گھنٹہ تک جاپہنچی، سوشل میڈیا پر افواہیں زیرگردش ہیں کہ بشار الاسد کو لے جانےوالے طیارے کو مار گرایا گیا تاہم تصدیق نہیں ہوسکی۔