جوڈیشل کمیشن اجلاس موخر کیا جائے،جسٹس منصور کاچیف جسٹس کو خط
اسلام آباد:(بیورورپورٹ) 26 ویں ترمیم کیخلاف درخواستوں کا فیصلہ ہونے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس موخر کیا جائے،جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے خط میں کہا26 ویں ترمیم کےخلاف درخواستوں کی سماعت کےلئے فل کورٹ بنایاجائے اوررجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواستیں سماعت کےلئے لگانے کا حکم دیں،26 ویں آئینی ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نوکی گئی اور ترمیم کےخلاف 2 درجن سے زائد درخواستیں زیرالتوا ہیں اگر درخواستیں منظور ہوتی ہیں توجوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کی وقعت ختم ہوجائےگی اور ایسی صورتحال ادارے و ممبرز کےلئے شرمندگی کا باعث بنے گی لہٰذا جوڈیشل کمیشن کا 6 دسمبرکا اجلاس موخرکیاجائے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا 26 ویں ترمیم کےخلاف درخواستوں پرفیصلہ کرکے جوڈیشل کمیشن کی قانونی حیثیت کاہمیشہ کےلئے فیصلہ کیاجاسکتا ہے، جسٹس منیب اختر اور میں نے 31 اکتوبر کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کےخلاف درخواستوں کو سماعت کےلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر فیصلے کے باوجود رجسٹرار کی جانب سے درخواستوں کو فل کورٹ کے سامنے سماعت کےلئے مقرر نہیں کیا گیا،26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ ہونا انتہائی ضروری اور بڑی اہمیت رکھتا ہے، آرٹیکل 191 اے کے تحت سپریم کورٹ کے ریگولر بنچ آئینی درخواستیں نہیں سن سکتے تاہم آرٹیکل 191 اے سپریم کورٹ کے فل کورٹ بنچ کو آئینی درخواستوں پر سماعت سے نہیں روکتا۔



















