ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے شہر کے بیرون بس سٹینڈ میں مسافروں کیلئے مزید سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ تیار کر لیا۔ منصوبے پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ 6کروڑ روپے لگایا گیا ہے جس کے تحت مسافروں کیلئے نئے ویٹنگ رومز بمعہ واش رومز، پارکنگ شیڈز اور ٹک شاپس تعمیر کی جائیں گی اور بسوں کی مانیٹرنگ کا جدید نظام نصب کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں میونسپل آفیسر وقاص اکرم نے کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیاز احمد پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ اس جدید بس سٹینڈ میں مسافروں کیلئے تمام جدید سہولیات مہیا کی جائیں اور بسوں کی آمدورفت کو بہتر انداز سے مانیٹر کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے چک نمبر86/9Lمیں واگزار کرائی گئی 485ایکڑ اراضی میں سے65ایکڑ پر جدید لینڈ فل سائٹ تعمیر کی جائیگی جس سے شہر کا کوڑا ڈمپ کرنے کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔ انہوں نے سٹی منیجر پسپ اسجد خان کو ہدایت کی کہ اس لینڈ فل سائٹ کی تعمیر کیلئے بلاتاخیر ضروری کاروائی شروع کی جائے۔ انہوں نے پسپ حکام اور کارپوریشن کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عیسی نگری میں سیوریج پائپ بچھانے کے بقیہ کام کو مکمل کرنے کیلئے باہمی رابطہ بہتر کیا جائے تاکہ مکینوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ دریں اثناءپنجاب کونسل آف دی آرٹس لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تنویر ماجد نے کہا ہے کہ آرٹس کونسلز مقامی سطح پر کلچر کے فروغ اور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آرٹ سے محبت کرنے والے افراد ان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کے فروغ میں حکومت کی معاونت کریں۔ انہوں نے یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کے ہمراہ ساہیوال آرٹس کونسل میں منعقدہ مختلف فنون کی تربیتی ورکشاپس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر رانا حماد افضل، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز وسیم اکرم اور الیاس اکبر سگھلہ سمیت بورڈ ممبران اور نوجوان فنکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی بدولت مقامی فنکاروں کی صلاحیتوں کو بھی بین الاقوامی سطح پر روشناس کرایا جانا چاہئے تاکہ ان کی سکل ڈویلپمنٹ میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں مختلف شعبوں خصوصاً موسیقی، کیلی گرافی، پینٹنگ، آرٹ ورک کے فنکار موجود ہیں جنہیں آرٹس کونسلوں نے تربیت فراہم کرنے کا مربوط نظام وضع کیاہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہڑپہ تہذیب ہمارا ایک مضبوط ثقافتی ورثہ ہے جسے دنیا کے سامنے روشناس کرانے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا آرٹس کونسلز کی ایک بڑی کامیابی ہے جسے سراہا جانا چاہیے۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ ساہیوال آرٹس کونسل میں کیلی گرافی، ڈول میکنگ، ہڑپہ آرٹ اور سٹنگ آرٹ کی تربیتی ورکشاپس منعقد کی گئیں جس میں نوجوانوں نے گہری دلچسپی لی۔ ساہیوال آرٹس کونسل مستقبل میں بھی ایسی صحت مندسرگرمیوں کو فروغ دیتی رہے گی۔ اس موقع پر مختلف فنکاروں کے بنائے ہوئے فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی جس میں ای ڈی پکار تنویر ماجد اور کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے گہری دلچسپی لی اور ان کی فنکاروانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ بعدازاں انہوں نے ورکشاپس کے شرکاءمیں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔
ہڑپہ تہذیب مضبوط ثقافتی ورثہ،دنیا کے سامنے روشناس کرانا ہوگا:کمشنر لاہور



















