لاہور (خبرنگار) وزیراعلی مریم نواز کی قائم کردہ سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ٹاﺅن ہال، میونسپل کارپوریشن لاہور میں ہوا۔ کمیٹی کے ارکان وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری ہاﺅسنگ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے سٹیرنگ کمیٹی کے ارکان کو پروگرام میں جاری پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے نے کہا کہ ایم سی ایل کی 115 اور واسا کی 246 سکیموں کی تیاری پر کام جاری ہے۔ انہوں نے سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ گلیوں کی مرمت سے پہلے تمام محکمے بالخصوص سوئی گیس اور سیف سٹی اتھارٹی زیر زمین کام مکمل کر لیں۔ کوئی سکیم مکمل ہونے کے بعد کھدائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محکموں کو تحریری طور پر آگاہ کریں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے خوشنما گلیوں کی تیاری کی ہدایت کی ہے، رنگ برنگی گلیوں کا یہ نیا کلچر لاہور کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سکیم میں ہارٹیکلچر کا پہلو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام معاملات میں ارکان اسمبلی کا فیڈبیک لازمی لیا جائے۔ جون 2025 تک لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو مکمل کر لیا جائے گا۔ تمام سکیموں میں رفتار اور شفافیت کا خیال بھی رکھا جائے۔ اس موقع پر معاون خصوصی ذیشان ملک نے وزیراعلیٰ کیلئے تفصیلی پریذینٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف اگلے ماہ دسمبر میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق ٹائلز کا ڈیزائن بنوایا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز منتخب نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ٹینڈرنگ کا کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کر لیا جائے۔
گلیوں کی مرمت سے پہلے تمام محکمے زیر زمین تمام کام مکمل کر لیں: وزیر بلدیات



















