لشکر کشی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے ٹاسک فورس قائم،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں، فتنہ ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ فتنہ اور تخریب کاروں کا جتھہ ہے ،جتھوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں، خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان پر توجہ دینے کی بجائے ہر طرح کے سرکاری وسائل کےساتھ وفاق پر لشکر کشی کرتی اور دن رات سازشوں میں مصروف ہے،ملک کو نقصان پہنچانے اور معیشت سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم کو متحد ہو کر یقینی بنانا ہوگا ایسی صورتحال دوبارہ درپیش نہ ہو، دشمنان پاکستان کے ہاتھ روکنے کےلئے ہر حد تک جانا ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و عامہ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی،اس موقع پر رینجرز ،پولیس کے شہید اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا چند دن پہلے خیبرپختونخوا سے سرکاری وسائل ، سازوسامان سے لیس جتھے نے اسلام آباد پر چڑھائی کی ،راستے میں املاک کو تباہ کیا، پولیس ، رینجرز جوانوں کو شہید کیا، درجنوں اہلکار زخمی ہوئے، بلوائیوں کی وجہ سے معیشت کو یومیہ 190 ارب کا نقصان اٹھانا پڑا، کاروبار، برآمدات سمیت ہر شعبہ متاثر ہوا، دنیا کے سامنے پاکستان کی بدنامی ہوئی، ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ 9 ماہ کے دور حکومت میں تیسری یا چوتھی بار وفاق پر لشکر کشی کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا ایسے ناپاک عزائم کا 2014 سے پہلے کوئی وجود نہیں تھا، ڈی چوک میں 126 دن پاکستان کی رسوائی اور معاشی تباہی کی گئی ایسی تخریب کاری کی پہلے مثال نہیں ملتی، دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا تب شاہ محمود قریشی کے ذریعے 3دن کیلئے دھرنا ملتوی کرنے کی استدعا بھی کی گئی لیکن بات نہیں مانی اس سے بڑی پاکستان دشمنی کوئی اور نہیں ہو سکتی، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری میں تاخیر ہوئی، سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کی گھناﺅنی سازش رچائی گئی۔

شہبازشریف نے کہاایس سی او کانفرنس اور چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے موقع پر دوبارہ چڑھائی کی گئی پھر سعودی عرب کے دورے اور اب بیلاروسی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر لشکر کشی کا اعلان کیا گیا، پیچھے تخریبی سوچ کارفرما ہے،معاونت پر قانون نافذ کرنےوالے اداروں، پنجاب ،سندھ کے وزرائے اعلیٰ ،وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد، چیف سیکرٹری و آئی جی پنجاب و سندھ کے مشکور ہیں، ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آئی ایم ایف سے مخالفت کے باوجود پروگرام منظور کرایا، بڑے بڑے چیلنجوں ،گھمبیر حالات کا سامنا کیا اب آہستہ آہستہ حالات بہتر ہو رہے ہیں، معیشت میں استحکام آ رہا ہے، سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کر گئی ۔

وزیراعظم نے کہادشمنان پاکستان کے ہاتھ روکنے اور توڑنے کیلئے ہر اقدام اٹھانا ہو گا، سنجیدہ و پختہ سوچ و عمل سے آگے بڑھنا ہے، خیبرپختونخوا حکومت کی سازشوں کو روکنا ہے،جتھے معاشی بہتری ہر کاوش کو تہہ و بالا کرنے پر تلے ہیں، مہنگائی کی شرح اور افراط زر سنگل ڈیجٹ ، پالیسی ریٹ 15 فیصد تک آ گیا ، دوست ممالک سے سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

شہبازشریف نے کہااسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے تخریب کاروں کےخلاف ایف آئی آر درج کرکے سزائیں دی جائیں گی، اصل چہرہ بے نقاب کرنا قومی ذمہ داری ہے، خیبرپختونخوا خوبصورت ، پاکستان کے وفادار و بہادر لوگوں کا صوبہ ہے، صوبے کی موجودہ حکومت بتائے اپنے موجودہ دور میں عوام کیلئے کیا اقدامات اٹھائے ،دیکھنا ہو گاپاکستان کو جتھے کے حوالے کرنا یا سنوارنا ہے؟ پارا چنار کے حالات پر دل خون کے آنسو روتا ہے، مذموم ساز ش ہے لیکن صوبائی حکومت کو کوئی احساس نہیں ، بانی پی ٹی آئی دن رات جھوٹ بولنے والا شخص ہے، ملک کا کوئی احساس نہیں، میں نے اپنی 40 سیاسی زندگی میں اس قسم کی مذموم سوچ کسی اور سیاسی جماعت ،فرد میں نہیں دیکھی ، پارا چنار میں خونریزی بند کرانے کی بجائے اسلام آباد پر لشکر کشی شروع کردی ،پی ٹی آئی والے ملکی تباہی اور معیشت کو ڈبونے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، پاکستان کوکسی بھی طرح نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے،سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم کو متحد ہو کر یقینی بنانا ہوگا ایسی صورتحال دوبارہ درپیش نہ ہو۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں انتشار و فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی اور موثر کارروائی کیلئے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کر دی،وزیر دا خلہ محسن نقوی کی سربراہی میں قائم کردہ ٹاسک فورس میں اعظم نذیر ،عطا تارڑ،احد چیمہ،سکیورٹی فورسز کے نمائندے شامل ہوں گے،شہبازشریف نے کہاٹاسک فورس یقینی 24 نومبر کو انتشار پھیلانے اور پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی تاکہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے ملک میں آئندہ کسی بھی قسم کے انتشار و فساد کی کوشش کو روکنے کیلئے وفاقی انسداد فسادات فورس بنانے کا فیصلہ کیا،انسداد فسادات فورس کو بین الاقوامی معیار کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور سازو سامان سے لیس کیا جائے گا،اجلاس میں وفاقی فرانزک لیب کے قیام کی منظوری بھی دی گئی،لیب میں واقعات کی تحقیقات و شواہد اکٹھا کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے گا، اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو جدید خطوط پر استوار،وفاقی پراسیکیوشن سروس کو مضبوط کرنے اور افرادی قوت بڑھانے کابھی فیصلہ کیا گیا۔