شہدا کو سلام!انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں ،خون ریزی چاہتا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے سکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں، انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں ،خون ریزی چاہتا ہے۔

رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا پاکستان کسی بھی انتشار و خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کےلئے خون ریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، پولیس و رینجرز اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کےلئے مامور ہیں لیکن انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے،نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔

شہباز شریف نے کہا انتشاری ٹولہ پولیس ،رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلخانہ کو جوابدہ ہے، مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، واقعہ میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کےساتھ حملے میں زخمی رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے۔

دریں اثناشہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم نے کہاسیاسی مفادات کے حصول کیلئے پاکستان کسی فساد و خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا،ملک میں فساد و انتشار کے ایسے اقدامات قابل مذمت ہیں،مجھ سمیت پوری قوم احتجاج کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو خراج تحسین اورشہید ہونےوالے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔