سموگ میں کمی،لاہور، ملتان کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کھل گئے، سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائے:مریم اورنگزیب
لاہور (خبرنگار) پنجاب میں سموگ کی صوتحال بہترہونے لگی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہاسکول پونے نو بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے،ماحولیاتی تحفظ کے ادارے(ای پی اے)کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے دستخطوں سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے، آﺅٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی،جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے تاکہ ٹریفک کا اژدہام نہ ہو، سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی، انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کےلئے مشکل فیصلے کئے گئے، بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے جبکہ شمالی علاقوں سے آنے والی تیز اور سرد ہواﺅں نے پنجاب کی گرد آلود فضاءکو صاف کردیا،پیر کی صبح سویرے لاہور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 404ریکارڈ کیا گیا،سموگ اور دھند کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے جبکہ پاکستان میں پہلے نمبر پر آگیا ، ملتان 263ایئرکوالٹی انڈیکس کےساتھ دوسرے نمبر پر موجود رہا،ماہرین موسمیات نے آئندہ دنوں میں سموگ کی شدت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے،24 گھنٹے کے دوران پنجاب بھر میں 70ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ، بیشتر شہریوں کو امراض قلب، آنکھ، ناک، کان، گلے کی تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، دوسری جانب لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نجی اور سرکاری دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی،نوٹیفکیشن کے مطابق ہائر سیکنڈری تک تعلیمی ادارے، پارکس، چڑیا گھر، تاریخی مقامات 24 نومبر تک بند رہیں گے جبکہ مارکیٹوں کی بندش میں بھی 24 نومبر تک توسیع کردی گئی جس کے بعد مارکیٹیں رات 8 بجے بند ہوں گی،ادھر صوبے میں اینٹی سموگ آپریشن بھی بدستور جاری ہے، دھواں چھوڑنے والی بڑی گاڑیوں، ٹرکوں کے داخلے پر بدستور پابندی ہے۔



















