ٹرمپ کی واپسی امریکیوں ،پاکستانی کمیونٹی کیلئے نئی امید
نیویارک:(خواجہ فاروق)ٹرمپ کی واپسی نے امریکیوں ،پاکستانی کمیونٹی میں نئی امید کو جنم دیدیا،سیاسی تقسیم و غیر یقینی کی فضا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی سیاست کے مرکزی مقام پر واپسی سے نیا جوش و جذبہ نظر آرہاہے،چیلنجوں کا سامنا کر نیوالے امریکی ٹرمپ کی قیادت کو استحکام و مضبوط پالیسی سازی کی علامت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی میں بھی بڑھتی توقعات نمایاں ہیں،پاکستانی کمیونٹی پرامید ہے ٹرمپ پاکستان میں حالیہ برسوں سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے، بین الاقوامی سفارتکاری میں ریکارڈ و خارجہ پالیسی کے جرات مندانہ انداز کو دیکھتے ہوئے بہت سے لوگوں کا ماننا ہے ٹرمپ اپنے اثر و رسوخ کو انسانی حقوق کی حمایت اور جنوبی ایشیا میں استحکام کے فروغ کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔
نیو یارک میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت علی رحمن نے کہاٹرمپ کو پیچیدہ بین الاقوامی معاملات میں فیصلہ کن اقدامات کرتے دیکھا ہے، امید ہے پہلے کی طرح اب بھی اپنی تمام توجہ تعمیری مذاکرات کے فروغ کیلئے استعمال کریں گے، پاکستانی کمیونٹی و دیگر اقلیتی گروہوں کیلئے ٹرمپ کی روایات سے ہٹ کر فیصلے کرنے کی صلاحیت واضح امید کی کرن ہے،مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔



















