عنایت دولہ کی لیسکو میں کھلی کچہری،42شکایات کا فوری ازالہ

فیصل آباد: (بیورورپورٹ) وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل عنایت دولہ نے لیسکو آفس ڈسٹرکٹ کمپلیکس اوکاڑہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور سائلین کے مسائل سن کر شکایات کا ازالہ کیا، اس موقع پر ایس ای لیسکو اوکاڑہ سرکل اور دیگر لیسکو افسران بھی موجود تھے، کھلی کچہری میں 54 سے زائد سائلین کی شکایات سنی گئیں، بیشتر شکایات ڈی بلز اور لیٹ کنکشن کے حوالے سے تھیں اور 42 شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کرایا گیا جبکہ بعض انکوائری طلب شکایات پر افسران کو میرٹ پر انکوائری کر کے جلد مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل عنایت اللہ دولہ نے کہا شہری کسی بھی وفاقی سرکاری محکمے سے متعلق شکایات وفاقی محتسب پاکستان کو کر سکتے ہیں جن کا میرٹ پر جلد از جلد فیصلہ کیا جائے گا اور اس پراسیس کی کوئی فیس نہیں ، شہری لیسکو، سوئی گیس، ریلوے، ای او بی آئی، پی ایل آئی،پوسٹ آفس، نادرا، پاسپورٹ، پی ٹی سی ایل سمیت کسی بھی وفاقی سرکاری ادارے کے بارے اپنی شکایات آن لائن بھی رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں اور شہریوں کی سہولت کےلئے فون کال، واٹس ایپ اور Zoom کے ذریعے بھی کیسز کی سماعت کی جا رہی ہے۔