ماحولیاتی تبدیلی،عالمی فنڈزکم ،پاکستان تک پہنچ بھی نہیں رہے،جسٹس منصور

باکو:(مشرق نیوز)جسٹس منصورعلی شاہ نے کہاہے ملکی عدالتیں ماحولیاتی سائنس سے مکمل نابلد ،ماحولیاتی تبدیلی کیلئے عالمی فنڈز ویسے ہی کم وہ بھی پاکستان تک نہیں پہنچ رہے۔

باکو میں ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاجسٹس منصور علی شاہ نے کہا پاکستان ،پورا خطہ بری طرح سے ماحولیاتی تبدیلی کے زیر اثر ہے، سطح سمندر میں اضافہ ،پانی کی قلت ہورہی ہے، آگ لگنے سمیت کئی دیگر واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، ماحول دوست نہ ہونے پر عدالتوں نے کئی منصوبے بند کرنے کا حکم دیا ، ماحولیاتی انصاف کا مطلب ماحولیاتی فنڈز ہیں، فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی پالیسی پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا موجودہ حالات میں ماحولیاتی فنانسنگ بنیادی انسانی حق ہے،خطے کے معاشی حالات ایسے نہیں ازخود ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹا جاسکے۔

سینئر جج سپریم کورٹ نے کہا غربت کےساتھ سیاسی عدم استحکام و گورننس کے مسائل بھی ہیں، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستان میں ٹیکنالوجی ،فوڈ سکیورٹی کا بھی مسئلہ ہے،ماحولیاتی تبدیلی کیلئے عالمی فنڈز ویسے ہی کم جو ہیں وہ بھی پاکستان تک نہیں پہنچ رہے،دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو فنڈز دینا ہوں گے،فنڈ کیلئے ترقی پذیر ممالک گرین بانڈز،انشورنس سمیت دیگر اقدامات کرسکتے ہیں،غیرملکی قرضوں کو بطور ماحولیاتی سرمایہ کاری بھی استعمال کیا جاسکتا ہے،ماحولیاتی تبدیلی کے نام پر جو بھی پیسہ آئے وہ عوام پر خرچ ہونا لازمی ہے،عدالتوں کو فنڈز کی شفافیت سے خرچ ہونے پر نظر رکھنی چاہیے، دنیا بھر کے ججز کو سوچنا ہوگا گلوبل فنڈنگ کیلئے کیا کر سکتے ہیں؟،مستقبل میں قانون سازی ماحولیاتی سائنس پر ہوگی۔